کلائیمیٹ سمارٹ زراعت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘صوبائی سیکرٹری زراعت

منگل 16 فروری 2021 12:04

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2021ء) سندھ کے صوبائی سیکرٹری زراعت عبدالرحیم سومرو نے کہا ہے کہ زرعی ترقی اور غذائی استحکام کے لئے بین الصوبائی زرعی تحقیقی اداروں اور جامعات کے مابین تعاون کو فروغ دے کر مستقبل کے چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے اپنے تین رکنی وفد کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی کے لئے چاروں صوبوں کے زرعی شعبہ جات کے مابین اشتراک عمل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ زرعی پالیسی اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔ عبدالرحیم سومرو نے کہا کہ کلائیمیٹ سمارٹ زراعت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لئے ٹھوس لائحہ عمل تشکیل دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونے والی تعلیمی و تحقیقی پیش رفت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام و دیگر زرعی تحقیقی اداروں کو اس پیش رفت کے ثمرات پہنچانے کے لئے سائنسدانوں اور ماہرین کے وفود کے تبادلہ جات ہونے چاہئیں تاکہ مل جل کر پاکستان کی فوڈسیکورٹی کو استحکام بخشا جا سکے۔

ان سے پہلے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے سندھ کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں چاروں صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں اور اب بھی سندھ حکومت کی خواہش پر یہاں سے سائنسدانوں اور ماہرین کا وفد بھجوانے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہم اپنے صوبائی تشخص کے ساتھ ملکی زرعی خودکفالت کی منزل کے حصول کے لئے بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں اور تمام صوبائی یونٹس کے ساتھ مل کر اسے مزید بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تاریخی اہمیت اور اس کی کامیابیوں کے حوالے سے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس جامعہ کو اعزاز حاصل ہے کہ کیوایس ورلڈ رینکنگ میں زرعی و فاریسٹری شعبہ جات میں یہ دنیا کی ٹاپ سو یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔

سندھ ایگریکلچر کے وفد میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت و توسیع سندھ ہدایت اللہ چھاجرو، ڈائریکٹر جنرل ریسرچ سندھ ٹنڈوجام نور محمد بلوچ، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر آفتاب احمد سولنگھی شامل تھے۔ زرعی یونیورسٹی کے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، ڈین کلیہ امورحیوانات پروفیسر ڈاکٹر مرزا محمداسلم، چیف ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد یٰسین، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر محمد طاہر و دیگر نے شرکت کی۔