کوھاٹ‘ چکن شاپس کو کھلی آزادی‘ مرغیوں کی صحت کا جانچنے کا کوئی میکنزم موجود نہیں‘افسران توجہ دیں‘عوامی مطالبہ

منگل 16 فروری 2021 16:33

کوھاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2021ء) کوھاٹ میں چکن شاپس کو کھلی آزادی‘ مرغیوں کی صحت کا جانچنے کا کوئی میکنزم موجود نہیں‘ دکاندار کی مرضی ہے کہ وہ جس مرغی کو چاہے زبح کر کے فروخت کر دے انتظامی افسران کب اس جانب توجہ دیں گے تفصیلات کے مطابق ضلع کوھاٹ میں جس طرح گائے‘ بھینسوں کو دیکھے بغیر زبح کر کے گوشت عوام کو کھلایا جا رہا ہے بالکل اسی طرح مرغیوں کا گوشت بھی کھلے عام عوام کو کھلایا جا رہا ہے شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں مرغی فروخت کرنے والے موجود ہیں جن کے پنجروں میں بند مرغیاں صحت مند ہیں یا بیمار کوئی پوچھنے والا نہیں‘ اسی طرح ہر دکاندار نے ایک ڈرم رکھا ہوا ہے جس میں دن بھر مرغیوں کو زبح کر کے ڈال دیا جاتا ہے یہ ڈرم غلاظت سے بھرا ہوتا ہے ان مرغی فروشوں کی دکانوں میں صفائی کا کوئی انتظام نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے اور نہ ہی دکاندار مرغی کو زبح کرتے وقت یا کاٹتے وقت سر کو ڈھانپتا یا دستانے پہننا ضروری سمجھتے ہیں دوسری جانب ہر مرغی کو زبح کرنے کے بعد اس کی باقیات کو بھی اسی ڈرم میں پھینکا اور جمع کیا جاتا ہے یہ باقیات کون لیتا ہے یا کہاں جاتی ہیں اس کا بھی کسی کو علم نہیں ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ خود اور ذمہ دار محکمے کے افسران کو ہدایت کریں کہ وہ روزمرہ کی بنیادوں پر ان مرغی فروشوں کی دکانوں کو چیک کریں یہاں پر صفائی کے انتظامات کو دیکھیں اور مرغیوں کی صحت کو بھی چیک کرنا ضروری ہے جبکہ صفائی کا خیال نہ رکھنے والے مرغی فروشوں پر بھاری جرمانے لگانے چاہئیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند مرغی کھانے کو مل سکے۔