ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداواری لاگت کم نہ ہونے سے مہنگی مصنوعات کی برآمدمیں مشکلات کا سامنا ہے،آل پاکستان کاٹن پاور لومزاونرز ایسوسی ایشن

بدھ 17 فروری 2021 12:07

ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداواری لاگت کم نہ ہونے سے مہنگی مصنوعات کی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2021ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومزاونرز ایسوسی ایشن کے قائدوحید خالق رامے نے کہا کہ جب تک صنعتی شعبہ کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی اس وقت تک ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنا ممکن نہیں کیونکہ مہنگی مصنوعات کی برآمدمیں کمی سے ملک کی اقتصادی ترقی کا پہیہ سست روی کا شکار ہے لیکن برآمدات کے فروغ سے ہی ملکی معیشت مستحکم اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کی کوششیں بجا مگر برآمدات کے فروغ سے ہی ملکی معیشت مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائربڑھیں گے اور ملک کو قرضوں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور اقدامات کے باوجود پاکستانی اشیا کی برآمدات میں منفی نمو کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں   اضافہ سے عوام کی قوت خرید متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جس میں سب سے زیادہ اہم قدم ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی لانا ہے جس کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں کو کنٹرول اور صنعتی شعبہ کیلئے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات بروئے کار لا نا ہوں گے۔