پاکستان کسان بورڈ کی کین کمشنر سے گنے کے کاشتکاروں کو فوری ادائیگی کروانے کی اپیل

بدھ 17 فروری 2021 13:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2021ء) پاکستان کسان بورڈ نے کین کمشنر پنجاب سے شوگر ملز مالکان سے گنے کے کاشتکاروں کو فوری ادائیگی کروانے کی اپیل کی ہے اور کہاہے کہ کین کمشنر شوگر کین ایکٹ کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کی تمام شوگر ملز کے مالکان کو پابند بنائیں کہ وہ 7دن کے بعد قواعد کے مطابق کسانوں کو گنے کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

پاکستان کسان بورڈفیصل ۱ٓباد کے رہنما میاں ریحان الحق نے کہاکہ شوگر ملز کی جانب سے گنے کا کرشنگ سیزن نہ صرف بھر پور طریقے سے جاری بلکہ اختتامی مراحل میں ہے لیکن اس کے باوجود کئی کئی ہفتوں سے گنے کے کاشتکاروں کو ان کی ادائیگیاں نہ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شوگر کین ایکٹ کے تحت شوگر ملز مالکان اس بات کے پابند ہیں کہ اگر وہ 7دن تک گنے کی قیمت کی ادائیگی نہ کریں تویہ رقم بمعہ سود ادا کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پہلے ہی مالی خسارے کا شکار ہیں کیونکہ ڈیزل، کھاد، بیج، زرعی ادویات اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتیں کاشتکار کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ نہری پانی کی عدم دستیابی نے ان کی فصلوں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اور بارشیں بھی معمول سے کم ہوئی ہیں جس سے فصلات کو نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکاروں کے مسائل کا فوری ازالہ نہ کیا گیا توخدانخواستہ ملک غذائی بحران کا شکار ہو سکتاہے جس کے بعد حالات کی ذمہ داری متعلقہ ارباب اختیار پر عائد ہو گی۔