ضمنی الیکشن کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری، ن لیگ ایک اور نشست جیتنے کی پوزیشن میں آگئی

پی پی 51 وزیرآباد میں 162 میں سے 137 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی بیگم طلعت محمود نے ہزاروں ووٹوں کی برتری حاصل کر لی

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 فروری 2021 23:48

ضمنی الیکشن کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری، ن لیگ ایک اور نشست جیتنے ..
وزیرآباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 فروری 2021ء) ضمنی الیکشن کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری، ن لیگ ایک اور نشست جیتنے کی پوزیشن میں آگئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلم لیگ ن نوشہرہ کی نشست جیتنے کے بعد ایک اور نشست پر فتح حاصل کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پی پی 51 وزیرآباد میں 162 میں سے 137 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے۔ ان نتائج کے مطابق ن لیگ کی بیگم طلعت محمود 44317 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار چودھری یوسف نے اب تک 38 ہزار 266 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیرآباد میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں دوران پولنگ 2 افراد کے قتل کے کیس میں رہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

رانا ثناء اللہ وزیرآباد میں ایک ن لیگی رہنما کے گھر پر موجود ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری ان کی گرفتاری کیلئے وہاں پہنچ چکی۔ پولیس نے شہر کے حالات مزید خراب ہونے کے پیش نظر شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے ہیں۔ ضمنی الیکشن نتائج کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک انصاف قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں این اے 75 ڈسکہ اور این اے 45 کرم پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، 181 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی 69 ہزار 520 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کی نوشین افتخار 68 ہزار 955 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

جبکہ این اے 45 کرم میں 113 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 11430 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 10360 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔ دوسری جانب پی کے 63 نوشہرہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔