Live Updates

سینیٹ الیکشن، عبدالحفیظ شیخ سندھ سے بھی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے

پی ٹی آئی وفد کی جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات ، پیر صبغت اللہ راشدی نے سینیٹ الیکشن میں حکمراں جماعت کو سپورٹ کی یقین دہانی کرادی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 فروری 2021 21:51

سینیٹ الیکشن، عبدالحفیظ شیخ سندھ سے بھی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 فروری2021ء) 3مار کو ہونے والے سینیٹ الیکشن سے قبل اسلام آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ سندھ سے بھی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والےگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے عبد الحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ، اس سلسلے میں پی ٹی آئی وفد نے وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں جی ڈی اے رہنماؤں سے ملاقات کی ، جس میں جی ڈی اے کے وفد کی قیادت پیر صبغت اللہ راشدی نے کی ، دیگر جی ڈی اے ارکان میں عرفان اللہ مروت ، سردار عبدالرحیم ، ذوالفقار مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا گیا ، اس دوران تحریک انصاف نے جی ڈی اے سے وفاقی وزیر خزانہ عندالحفیظ شیخ کو سینیٹ میں ووٹ دینے کی درخواست کی گئی ، جس پر جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہم ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ شہر تباہ ہو رہے ہیں، ہسپتالوں ، اسکولوں کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے ، اس لیے ہمیں امید ہے کہ وفاق سندھ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے جواب میں پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور تحفظات کو دور کرے گی۔ اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کی قیادت بھی سینیٹ الیکشن میں عبدالحفیظ شیخ کو حمایت کی یقین دہانی کرواچکی ہے ، تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین ، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی ، وزیر خزانہ کے وفد میں قومی اسمبلی کے چیف وہپ عامر ڈوگر اور چوہدری ارشد بھی ہمراہ تھے۔

بتایا گیا ہے کہ اس دوران چوہدری برادران نے کہا کہ حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے عبدالحفیظ شیخ کو بھرپور سپورٹ کریں گے ، کیوں کہ وزیر اعظم عمران خان کی نیت صاف ہے ، وہ عوام کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں ، تاہم ملک و قوم کی بہتری کیلئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات