Live Updates

سینیٹ الیکشن ، بلاول بھٹو زرداری نے اراکین اسمبلی کو اہم ٹاسک سونپ دیا

حکومت کے اتحادی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے بیزار ہیں ، سینیٹ الیکشن میں ووٹ کے لیے حکومتی اتحادی اراکین سے بھی فوری رابطہ کیا جائے ، چیئرمین پیپلزپارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی سے خطاب کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 فروری 2021 23:34

سینیٹ الیکشن ، بلاول بھٹو زرداری نے اراکین اسمبلی کو اہم ٹاسک سونپ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 فروری2021ء) سینیٹ الیکشن کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اراکین اسمبلی کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سےاراکین اسمبلی کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا ، وزیر اعلیٰ ہاوس میں ہونے والے اس عشائیے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

بتایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی سینیٹ الیکشن کے لیے مخالفین سے بھی ووٹ مانگیں ، حکومت کے اتحادی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے بیزار ہیں ، اس لیے حکومتی اتحادی اراکین سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب لوگ ہمارے سینیٹ الیکشن مہم کے انچارج ہیں ، آپ لوگ تو وٹ ڈالیں گے لیکن اپنے دوست ایم پی ایز جن کا دوسری جماعتوں سے تعلق ہے انہیں بھی پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو وٹ ڈالنے کے لیے قائل کریں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب 3مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن سے قبل اسلام آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ سندھ سے بھی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق سندھ سے تعلق رکھنے والےگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے عبد الحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ، اس سلسلے میں پی ٹی آئی وفد نے وفاقی وزیر اسد عمر کی قیادت میں جی ڈی اے رہنماؤں سے ملاقات کی ، جس میں جی ڈی اے کے وفد کی قیادت پیر صبغت اللہ راشدی نے کی ، دیگر جی ڈی اے ارکان میں عرفان اللہ مروت ، سردار عبدالرحیم ، ذوالفقار مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں سینیٹ الیکشن کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا گیا ، اس دوران تحریک انصاف نے جی ڈی اے سے وفاقی وزیر خزانہ عندالحفیظ شیخ کو سینیٹ میں ووٹ دینے کی درخواست کی گئی ، جس پر جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہم ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ شہر تباہ ہو رہے ہیں، ہسپتالوں ، اسکولوں کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے ، اس لیے ہمیں امید ہے کہ وفاق سندھ کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات