میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف مظاہروں پر فائرنگ،تین افرادہلاک

پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والی نوجوان لڑکی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی،غیرملکی میڈیا

منگل 23 فروری 2021 16:08

میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف مظاہروں پر فائرنگ،تین افرادہلاک
رنگون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2021ء) میانمار میں اقتدار پر قابض ملٹری قیادت کی فوجی بغاوت کے خلاف عوامی احتجاج کو طاقت سے کچلنے کی دھمکی کے بعد سے 3 مظاہرین گولیوں کا شکار بن کر ہلاک ہوچکے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یکم فروری کو ملک کے اقتدار پر قابض ہوکر جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے والی ملٹری قیادت نے فوجی بغاوت کے خلاف ملک بھر میں جاری مظاہروں کو ختم کرنے کی وارننگ دی تھی کہ بصورت دیگر طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملٹری قیادت کے انتباہ کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور اس دوران سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ زخمی خاتون نے گزشتہ شب اسپتال میں دم توڑ دیا۔نوجوان مظاہرین کی ہلاکت پر فوجی بغاوت کے خلاف جاری مظاہروں میں مزید شدت آگئی اور رنگون سے شروع ہونے والے مظاہرے ملک بھر میں پھیل گئے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر آنگ سان سوچی کی رہائی اور جمہوریت کی بحالی کے نعرے درج تھے۔