پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 27 فروری کو طلب

اجلاس میں پی سی بی کے انتظامی امور ، صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹیوں کے قیام کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 16:31

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 27 فروری کو طلب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احسان مانی کی زیر صدارت 27 فروری کو بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا اجلاس طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی سی بی کے انتظامی امور اور صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹیوں کے قیام کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بورڈ آف گورنرز کے ممبران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بارے میں بھی اپ ڈیٹ حاصل کریں گے جب کہ انہیں پشاور زلمی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا جس نے مبینہ طور پر دھمکی دی تھی کہ اتوار کے روز بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے کے باعث 3 دن کے لیے قرنطینہ میں بھیجے گئے کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض کے بغیر ہوٹل سے باہر نہیں نکلیں گے ۔

اجلاس میں جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ان میں قومی ٹیم کے پی ایس ایل کے بعد دورہ جنوبی افریقہ کی تیاری ، 21-2020ء کا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اور سی ای او پی سی بی وسیم خان کی مدت ملازمت میں توسیع شامل ہے۔