حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کرنے والی پی ڈی ایم بدانتظامی کا شکار

جے یو آئی کا انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں بروقت دعوت نہ ملنے پر اعتراض، ارکان کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس کو مختصر کرنا پڑگیا جب کہ ارکان کی تعداد مکمل نہ ہونے پر میڈیا کو بریفنگ بھی نہیں دی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 فروری 2021 19:26

حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کرنے والی پی ڈی ایم بدانتظامی کا شکار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 فروری2021ء) حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کرنے والا مشتمل اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بدانتظامی کا شکار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ کی تیاریوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا پی ڈی ایم کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس بد انتظامی کا شکار ہوگیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کنوینر کمیٹی احسن اقبال تمام جماعتوں کو بروقت اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے میں ناکام رہے ، اجلاس میں جے یو آئی کا انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں بروقت دعوت نہ ملنے پر اعتراض کیا۔

بتایا گیا کہ دیگر ارکان کی عدم موجودگی کے باعث اجلاس کو مختصر کرنا پڑگیا جب کہ ارکان کی تعداد مکمل نہ ہونے پر میڈیا کو بریفنگ بھی نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ گزشتہ اجلاس میں مسلم لیگ ن نے تمام جماعتوں پر واضح کیا کہ وہ اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں ، میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال کی زیر صدارت پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں حکومت مخالف لانگ مارچ کی کامیابی کیلئے اپوزیشن کی حکمت عملی اور اخراجات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف ، عثمان کاکڑ ، سکندر شیر پاوَ اور میاں افتخار بھی شریک ہوئے جہاں مسلم لیگ ن اور اے این پی کی جانب سے کہا گیا کہ لانگ مارچ کے دوران تمام جماعتیں اپنے کارکنوں کے اخراجات خود اٹھائیں۔ دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دینے کا فیصلہ کرلیا ، میڈیا ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کا اجلاس پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا ، جس میں مسلم لیگ ن کی طرف سے نائب صدر مریم نواز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اے این پی سے امیر حیدر ہوتی کے علاوہ آفتاب شیرپاؤ ، محمود خان اچکزئی اور دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی ، بتایا گیا ہے کہ اجلاس اپوزیشن اتحاد نے فیصلہ کیا گیا حکومت کے خلاف ہونے والے لانگ مارچ کو مہنگائی مارچ کا نام دیا جائے گا۔