شہباز شریف نے کہا میری نہیں حمزہ کی ضمانت کرواؤ

کون سے ملک میں پیسا چاہیے اور کس کرنسی میں چاہیے؟سینیٹ ووٹ کے لیے ڈالرز میں ادائیگیاں ہونے لگیں،عارف حمید بھٹی

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 24 فروری 2021 06:03

شہباز شریف نے کہا میری نہیں حمزہ کی ضمانت کرواؤ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2021ء) ڈیلیں بھی ہو رہی ہیں اور ڈھیلیں بھی مل رہی ہیں کیونکہ بیک ڈور رابطوں سے متعلق آئے روز بڑی بڑی خبریں سامنے آتی ہیں مگر بظاہر حکومتی پارٹی اپنے موقف پر ڈٹی نظر آتی ہے کہ چوروں کومعافی نہیں ملے گی اور حکومت کے اس موقف پر سوشل میڈیا پر وائرل وہی جملہ یاد آتا ہے جو ہر دوسری پوسٹ میں دکھائی دیتا ہے کہ”اوتوں رولا پائی جاؤ وچوں وچوں کھائی جاؤ“۔

بھئی عوام کو لولی پاپ دینے کے لیے تو حکومتی وزرا بیان بازی کرتے رہتے ہیں مگر عملی طور پر سب کچھ حکومتی موقف اور باتوں اور وعدوں کے خلاف ہوتا نظر آ رہاہے۔مثال کے طور پر احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن کو رگڑا لگااور وہ بھی برائے نام کیونکہ عوام کے پیسے تو واپس نہیں آئے،مہنگائی کے نام پر عوام کی کمر توڑ دی گئی،ترقیاتی کام ایک بھی ہوتا نظر نہیں آرہا اور بے روزگاری میں روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جہاں تک بات ہے اپوزیشن کی تو وہ جیل میں ہو یا باہر انہیں وی آئی پی پروٹوکول ہر صورت ملتا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے نواز شریف صاحب ملک سے باہر چلے گئے اور اب شہباز شریف صاحب کا جیل سے باہر آنا بھی طے ہو چکا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ جیل میں کسی صاحب نے شہباز شریف سے بات کی کہ انہیں کشف ہوا ہے یا اشارہ ملا ہے کہ ان کی ضمانت ہو جائے گی توا س پر شہباز شریف نے کہا کہ میری ضمانت رہنے دو آپ حمزہ شہباز کی ضمانت کراؤ اس کا باہر جانا زیادہ ضروری ہے۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ ویسے تو یہ فیصلہ عدالت نے کرنا ہے اور میں اس حوا لے سے کوئی واضح موقف نہیں دے رہا مگر میرا یہ خیال ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں حمزہ شہباز کی ضمانت ہوجائے گی۔انہوں نے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ اس وقت سینیٹ کا ووٹ خریدنے کے لیے ڈالر میں پیسے دینے کی آفر بھی کی جا رہی ہے اورلوگوں سے پوچھا جا رہاہے کہ انہیں کس کرنسی میں اور کس ملک میں پیسا چاہیے۔ اربوں روپے کا منشیات اور اسمگلنگ کا پیسا سینیٹ کے اس الیکشن میں پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے اور نواز شریف نے بینکوں کی تجوریوں کے منہ کھول دیے ہوئے ہیں۔تاہم سینیٹ میں کس کو اپ سیٹ ملتا ہے یہ آئندہ ہفتے پتا چلے گا۔