امریکا،زندگی کی پہلی برف باری دیکھ کر بچہ اچانک موت کی نیند سوگیا

بچہ شدید سردی کے باعث ہائپو تھرمیا کا شکار ہوکر موت کی آغوش میں گیا،تحقیق کار

بدھ 24 فروری 2021 18:12

امریکا،زندگی کی پہلی برف باری دیکھ کر بچہ اچانک موت کی نیند سوگیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) امریکا میں 11سالہ بچہ زندگی کی پہلی برف دیکھ کر ہائپوتھرمیا میں مبتلا ہوکرچل بسا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس سمیت متعدد ریاستیں ان دنوں شدید سردی اور برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے جس نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے اور ساتھ درجنوں افراد کی جان بھی لے لی ہے۔گزشتہ روز ریاسٹ ٹیکساس میں ایک 11 سالہ بچہ اپنی زندگی کی پہلی برف باری دیکھنے کے بعد اس وقت دنیا سے چل بسا، جب موبائل ہوم (گاڑی میں بنے گھر)میں اچانک بجلی کی بندش ہوئی اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

ڈاکٹرز اور والدین کا کہنا تھا کہ بچے کو موت سے قبل کسی قسم کی کوئی شکایت یا بیماری نہیں تھی، وہ پیر کی شام زندگی کی پہلی برف باری دیکھ کر رات کو اپنے بستر پر سونے گیا اور پھر صبح نیند سے جاگا ہی نہیں۔

(جاری ہے)

ماں نے اگلی صبح اپنے بیٹے کو مردہ حالت میں دیکھ کر 911 پر اطلاع دی، جس کیبعد پولیس اور میڈیکل ٹیموں نے تحقیقات کا آغاز کیا۔تحقیق کاروں کا کہنا تھا کہ بچہ شدید سردی کے باعث ہائپو تھرمیا کا شکار ہوکر موت کی آغوش میں گیا، کیونکہ جس گھر میں وہ رہائش پذیر تھا وہ ایک موبائل ہوم ہے اور بچہ شدید سردی میں ایک کمبل اوڑھ کر سورہا تھا کہ ایسے میں بجلی بھی چلی گئی جس کے باعث گھر کو گرمائش پہنچانے کا نظام رک گیا۔