امریکا میں پیٹرول لے جانے والی ٹرین اور ٹرک میں خوفناک تصادم

حادثے کے بعد ٹرین کی 110 بوگیوں میں سے 13 الٹ گئیں ،واقعے کی تحقیقات جاری

بدھ 24 فروری 2021 18:12

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) امریکی ریاست ٹیکساس میں آئل ٹینکوں سے لدی ہوئی ٹرین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے بعد خوفناک دھماکہ ہوا اور شعلے بھڑک اٹھے، حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ سینٹرل ٹیکساس میں پیش آیا، 18 وہیلر ٹرک جسے سیمی ٹرک کہا جاتا ہے بے قابو ہو کر مال گاڑی سے جا ٹکرایا جس کے بعد ٹرین میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ مال گاڑی سلفیورک ایسڈ سمیت دیگر خطرناک مواد کی ترسیل کر رہی تھی، حادثے کے بعد ٹرین کی 110 بوگیوں میں سے 13 الٹ گئیں جن پر پیٹرول ٹینک، کوئلہ اور پتھر لدے ہوئے تھے۔5 بوگیوں میں صرف تیل کے ٹینک بھرے ہوئے تھا اور دھماکہ وہیں پر ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہناتھا کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ سیمی ٹرک ایک کار کو بچانے کے لیے ترچھا ہوا جس کے بعد بے قابو ہو کر ٹرین سے جا ٹکرایا۔

حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور کنڈکٹر معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق حادثے میں پٹریوں کے قریب ایک گھر بھی تباہ ہوا، دھماکے کے بعد علاقے میں سیاہ گاڑھا دھواں پھیل گیا جس کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے نصف میل تک علاقہ خالی کروا لیا گیا۔جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔