اسرائیلی دشمن کا جہاز مشرقی بحرمتوسط میں تیل رسنے کا ذمے دار ہے،لبنانی وزیراعظم

ایندھن کے اخراج سے مشرقی بحر متوسط میں آبی حیات کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ،گفتگو

بدھ 24 فروری 2021 18:12

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) لبنان اور اسرائیل کو 2006 کی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ ایک بڑے ماحولیاتی خطرے کا سامنا ہے۔لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دشمن کے ایک جہاز سے رسنے والا تیل اب لبنان کے جنوبی ساحلی علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لبنانی وزیراعظم حسان دیاب کا دفتر اسرائیلی جہاز سے سمندر میں تیل بہنے کے معاملے کو دیکھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے نگران کابینہ میں وزیر دفاع اور وزیر ماحول کے علاوہ قومی کونسل برائے سائنسی تحقیق کو لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یونیفل)کو اس معاملے سے آگاہ کرنے کی ذمے داری سونپی ہے اور انھیں اس واقعہ کے بارے میں ایک رپورٹ تیار نے کی ہدایت کی ہے۔لبنان میں قائم گرین پیس مڈل ایسٹ اور شمالی افریقا کی ڈائریکٹر پروگرام جولیاں ریساٹی نے وزارت ماحول پر زوردیا کہ وہ سمندر میں تیل رسنے کے خطرات کی فوری طور پر جائزہ رپورٹ تیار کرے اور اس کی نگرانی کے لیے ایک منصوبہ وضع کرے۔

انھوں نے لبنانی حکومت پرزور دیا کہ وہ عوام بالخصوص ماہی گیری اور پیراکی کی سرگرمیوں کے لیے رہ نما ہدایات جاری کرے۔ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کے اخراج سے مشرقی بحر متوسط میں آبی حیات کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ۔