پی سی بی کے نئے سینٹرل کانٹریکٹ میں رضوان ، فواد کی ترقی ، حفیظ نے آفر مسترد کردی

فواد عالم اور محمد رضوان گزشتہ سال کے بہترین قومی ٹیسٹ بلے باز رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 فروری 2021 20:11

پی سی بی کے نئے سینٹرل کانٹریکٹ میں رضوان ، فواد کی ترقی ، حفیظ نے آفر ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2021ء ) 2020ء کے پی سی بی ٹیسٹ کرکٹر محمد رضوان کو جاری سیزن میں تمام فارمیٹس میں شاندار پرفارمنس کے بعد پی سی بی کی سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ 21-2020ء کی کیٹیگری اے میں ترقی دے دی گئی ہے۔ ایلیٹ کیٹیگری میں 28 سالہ اب پاکستانی کپتان بابراعظم ، سابق کپتان اظہر علی اور سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔

موجودہ معاہدوں کا اعلان 13 مئی 2020ء کو کیا گیا تھا جس کے بعد رضوان ٹیسٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ رنز سکور کرنیوالے کھلاڑی ہیں جنہوں نے7 میچوں میں 52.90 کی اوسط سے 529 رنز بنائے جبکہ وہ ٹی ٹونٹی میں 325 رنز کے ساتھ مجموعی طور پر تیسرے سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے کھلاڑی بنے ، ان کی اوسط 65 اور سٹرائیک ریٹ 139 رہا۔

(جاری ہے)

زمبابوے کیخلاف تین ون ڈے میچوں میں انہوں نے 25 رنز بنائے۔

بطور وکٹ کیپر رضوان نے سیزن میں ٹیسٹ میں 16 ، ون ڈے میں تین اور ٹی ٹونٹی میں آٹھ بیٹسمین شکار کیے ، اس دوران پاکستان نے انگلینڈ ، زمبابوے ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کھیلی تھی۔ ان کے آنے والی اسائنمنٹس جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں سیریزہیں۔ اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز کو انعام دینے کی اپنی پالیسی کے ایک حصے کے طور پر پی سی بی نے فواد عالم کو اے پلس ڈومیسٹک کنٹریکٹ کیٹیگری سے پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ 21-2020ء کی کٹیگری سی میں بڑھا دیا ہے جبکہ اس نے ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ محمد حفیظ کو بھی سینٹرل کانٹریکٹ کی سی کیٹگری کامعاہدہ پیش کیا جسے انہوں نے شائستگی سے ٹھکرا دیا۔

فواد عالم نے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سنچریاں سکور کیں اور اب وہ 6 ٹیسٹ کی 11 اننگز میں مجموعی طور پر 320 رنز بنا چکے ہیں۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے 102 رنز نے انہیں 2020ء کا پی سی بی انفرادی پرفارمنس ایوارڈ دلوایا۔ پی سی بی کے سینٹرل کانٹریکٹ کی اے کیٹگری میں اظہر علی ، بابراعظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں ۔ بی کیٹگری میں عابد علی ، اسد شفیق ، حارث سہیل ، محمد عباس ، سرفراز احمد ، شاداب خان ، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں ۔ سی کیٹیگری میں فخر زمان ، فواد عالم ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، امام الحق ، نسیم شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں جب کہ ایمرجنگ کیٹگری میں حیدر علی ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں ۔