پی ایس ایل6،پول میچز میں شائقین کی تعداد 50 فیصد کردی گئی

پلے آف اور فائنل میں 100 فیصد یعنی فل سٹیڈیم شائقین کرکٹ کے لئے دستیاب ہوگا،انحصار صورتحال پر ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 فروری 2021 21:47

پی ایس ایل6،پول میچز میں شائقین کی تعداد 50 فیصد کردی گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2021ء ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ کے میچز کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا۔ این سی او سی نے پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں پابندی ہٹاتے ہوئے 50 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی۔ آج این سی او سی کے ایک اہم اجلاس میں ملک میں کرونا کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا،پی ایس ایل میچز کے سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 فیصد شائقین کو آنے کی اجازت ہوگی۔

اس وقت پی ایس ایل میچز میں صرف 20 فیصد شائقین کی اجازت ہے، نئے فیصلے کے بعد اب پی ایس ایل پلے آف میچز کے لیے سٹیڈیم میں گنجائش کے مطابق تماشائیوں کی اجازت ہوگی جب کہ پلے آف مرحلے میں 100 فیصد شائقین سٹیڈیم آسکیں گے تاہم کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

این سی او سی نے 15 مارچ سے اِن ڈور شادیوں کی اجازت کا بھی فیصلہ کیا ہے تاہم اِن ڈور شادیوں میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، 15 مارچ سے مزارات اور سینما گھر بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ این سی او سی نے کاروباری سرگرمیوں اور پارکس کی بندش کا دورانیہ بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، گھروں سے کام کرنے والے 50 فی صد عملے کو گھروں سے کام کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔ این سی او سی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سمارٹ ڈاؤن کا نفاذ کیا جائے گا، جائزہ لینے کے بعد یہ تجویز بھی دی گئی کہ کینٹ بورڈ کے الیکشن اور بلدیاتی انتخابات مئی، جون میں کرائے جا سکتے ہیں۔