Live Updates

علماء کرام نے ووٹ کی خرید و فروخت حرام قرار دےدی

ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، اس لئے اسے خریدنا یا بیچنا حرام ہے، علماءنے سینیٹ انتخابات سے قبل فتویٰ جاری کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 24 فروری 2021 22:01

علماء کرام نے ووٹ کی خرید و فروخت حرام قرار دےدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 24 فروری2021ء) علماء کرام نے سینیٹ انتخابات سے قبل ووٹ کی خریدو فروخت کے حوالے سے فتویٰ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی علماء کونسل نے ایک فتوے کے ذریعے ووٹ کی خرید و فروخت کو حرام قرار دے دیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ووٹ کی فروخت کو حرام قرار دینے کا فتویٰ مرکزی علماء کونسل کی مجلس شوریٰ اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، جس میں علماء کا کہنا ہے کہ ووٹ ایک قومی فریضہ ہے، اس لئے اسے خریدنا یا بیچنا حرام ہے۔

دوسری جانب مرکزی علماء کونسل نے کرونا ویکسین کو حلال اور جائز قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے محکمہ صحت سے تعاون کریں ۔ خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے کئی اراکین کو ووٹ بیچنے کے الزامات پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سینیٹ انتخابات کیلئے سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، حکومت نے اوپن بیلٹ کیلئے صدارتی ریفرنس جاری کیا ہے، جسے سپریم کورٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 226 کی تشریح سے مشروط کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کا انعقاد 3 مارچ کو ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جا چکا۔ سینیٹ الیکشن میں 3 بڑی سیاسی جماعتوں، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ صوبوں میں تینوں جماعتوں کی پوزیشن دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ تحریک انصاف 3 مارچ کے الیکشن کے نتیجے میں ایوان کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی، جبکہ پیپلز پارٹی دوسری اور ن لیگ تیسری بڑی جماعت ہوگی۔              
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات