سعودی عرب سے تین ہفتوں میں 18 ہزار پاکستانی واپس آ گئے

پی آئی اے کی جانب سے 75 یک طرفہ پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو فوری وطن واپسی کی سہولت فراہم کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 فروری 2021 12:44

سعودی عرب سے تین ہفتوں میں 18 ہزار پاکستانی واپس آ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،25 فروری2020ء ) سعودی عرب میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کئی ہفتوں سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہو چکی ہے تاہم مملکت میں مقیم مسافروں کو واپس بھجوانے کے لیے پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے گذشتہ تین ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے لیے یک طرفہ پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے تاکہ مملکت سے آنے والے پاکستانی مسافروں کو سہولت فراہم کی جاسکے۔

اُردو نیوز کے مطابق گذشتہ تین ہفتوں کے دوران سعودی عرب سے پاکستان کے لیے 75 پروازیں چلائی گئیں جن کے ذریعے 18 ہزار سے زائد مسافر وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ ’پی آئی اے نے سعودی عرب کی جانب سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کے بعد یک طرفہ پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے جن کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستانی مسافروں کو واپس لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ‘گذشتہ تین ہفتوں میں 75 پروازوں چلائی گئی ہیں جن کے ذریعے 18 ہزار 600 مسافر پاکستان واپس آئے ہیں۔‘ پی آئی اے کا سعودی عرب سے پاکستان کے لیے دمام، مدینہ، ریاض اور جدہ سے فلائٹ آپریشن جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ’یک طرفہ پروازوں کے باوجود پی آئی اے نے ٹکٹس کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا اور زیادہ تر ٹکٹ پہلے سے ہی بک کروائے گئے تھے۔

‘’یک طرفہ پروازیں چلانے کا مقصد سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے، اسی تناظر میں یک طرفہ پروازیں ہونے کے باوجود کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔‘خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کے پیش نظر چار فروری سے 20 ممالک سے آنے والے مسافروں پر مملکت میں داخلے پر جزوی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ تاہم پی آئی اے اور سعودی ایئرلائنز کی جانب سے پاکستان کے لیے یک طرفہ پروازوں کا آپریشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے کارگو سروس بھی بحال ہے۔