امارات میں خاتون نے اپنے سابق شوہر سے انوکھا بدلہ لے لیا

خاتون نے شوہر کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں سے مسلسل ٹریفک خلاف ورزیاں کر کے 7,290 درہم جرمانہ کروا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 25 فروری 2021 16:11

امارات میں خاتون نے اپنے سابق شوہر سے انوکھا بدلہ لے لیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،25 فروری2020ء ) ازدواجی تعلقات میں بگاڑ پیدا ہو تو اکثر لوگ قانونی راستہ اپنا کر راستہ الگ کر لیتے ہیں ۔جس کے بعد یہ سابق میاں بیوی کبھی ایک دوسرے سے کوئی واسطہ نہیں رکھتے، بس اپنی نئی زندگی میں مگن ہو جاتے ہیں۔ تاہم امارات میں ایک خاتون نے طلاق ہونے کے بعد اپنے خاوند سے انوکھا انتقام لے لیا۔ اس مقامی خاتون نے اپنے سابق شوہر کے نام رجسٹرڈ گاڑی سے اتنی زیادہ ٹریفک خلاف ورزیاں کر ڈالیں کہ جرمانوں کی رقم اکٹھی ہو ہو کر 7,290 درہم تک پہنچ گئی۔

جب سابق شوہر کے نام پر جرمانے کی ٹکٹس جاری ہوئیں ، پہلے تو اسے یقین نہیں آیا مگر جب تصدیق ہوئی کہ یہ جرمانے واقعی اس کے نام پر درج ہوئے ہیں تو اس نے سر پکڑ لیا۔ معاملے کی تحقیق کرنے پر اسے پتا چلا کہ یہ 7,290 درہم کی جرمانے کی رقم اس کی بیوی کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں کی بناء پر عائد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کی سابقہ بیوی کے زیر استعمال کار دراصل اسی کے نام پر رجسٹرڈ تھی، جس وجہ سے تمام تر جرمانے اسی کے نام پر درج ہو رہے تھے۔

حقیقت کا پتا چلنے کے بعد اماراتی شخص نے اپنی بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ اماراتی کا کہنا تھا کہ اس کی اپنی بیوی سے کچھ عرصہ پہلے علیحدگی ہو گئی تھی۔ جس موقع پر عدالت نے اسے پابند کر دیا تھا کہ وہ بیوی اس کی کار بھی واپس کر دے گا، مگر یہ کار اس کے نا پر رجسٹرڈ تھی۔کچھ عرصہ بعد اسے علم ہوا کہ اس کے نام پر رجسٹرڈ اس کار کے ذریعے بیوی نے 15 ٹریفک خلاف ورزیاں کی ہیں، جن کے باعث اس پر مجموعی طور پر 7,290 درہم کا جرمانہ عائد ہو گیا ہے۔

مُدعی کا کہنا تھا کہ شاید اس کی سابقہ بیوی نے جان بوجھ کر یہ ٹریفک خلاف ورزیاں کر کے اسے مالی طور پر جھٹکا دینے کی کوشش کی ہے۔ مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ یہ سب جرمانے اس کی بیوی کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کے باعث عائد ہوئے ہیں، اس لیے جرمانوں کی رقم اسی سے وصول کی جائے۔ اس کا ان ٹریفک خلاف ورزیوں سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ جس نے گاڑی اس کے نام پر رجسٹر ہونے کا غلط فائدہ اٹھایا ہے۔ عدالت نے مدعی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خاتون کو حکم دیا کہ یہ ٹریفک خلاف ورزیاں چونکہ اس نے کی ہیں، اس لیے وہی جرمانے کی تمام رقم ادا کرنے کی پابند ہو گی۔