"نواز شریف کو پرچی کا طعنہ دینے والے عمران خان نے سری لنکن وزیراعظم سے ملاقات کے دوران خود بھی پرچی پکڑ رکھی تھی"

ن لیگی رہنما کی جانب سے وزیراعظم سے متعلق ٹوئٹ کی گئی تصویر کی حقیقت کچھ اور نکلی، عمران خان اور لنکن وزیراعظم دونوں نے اپنے ہاتھ میں فیس ماسک پکڑ رکھا تھا

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 فروری 2021 00:28

"نواز شریف کو پرچی کا طعنہ دینے والے عمران خان نے سری لنکن وزیراعظم ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) ن لیگی رہنما کی جانب سے وزیراعظم سے متعلق ٹوئٹ کی گئی تصویر کی حقیقت کچھ اور نکلی، عمران خان اور لنکن وزیراعظم دونوں نے اپنے ہاتھ میں فیس ماسک پکڑ رکھا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے رہنما مشتاق منہاس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کی ایک تصویر ٹوئٹ کی گئی ہے، جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔



مشتاق منہاس کی جانب سے اپنی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ "میاں نواز شریف پر تنقید کی گئی کہ وہ امریکی صدور کے سامنے پرچی کے بغیر بات نہیں کرسکتے مکافات عمل دیکھیے کہ بیچارے کے ہاتھ پرچیاں دے کر سری لنکا کے حکومتی سربراہ کے سامنے بیٹھا دیا ہے

(جاری ہے)

مشتاق منہاس کے اس ٹوئٹ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان اظہر مشوانی کی جانب سے جوابی ٹوئٹ کیا گیا جس میں دکھایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہاتھ میں پرچی نہیں بلکہ اپنا فیس ماسک پکڑ رکھا ہے۔



اس تمام معاملے پر مشتاق منہاس کو خاصی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کی ٹوئٹ کے جواب میں ٹوئٹر صارفین کی جانب سے بھی کہا گیا کہ صاف نظر آ رہا کہ ناصرف عمران خان بلکہ سری لنکن وزیراعظم نے بھی اپنے ہاتھ میں فیس ماسک پکڑ رکھا ہے۔ مشتاق منہاس کو مشورہ دیا گیا کہ کسی بھی معاملے سے متعلق اجلت میں ٹوئٹ کرنے کی بجائے حقائق جان لیے جائیں تو یوں شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تاہم طنز اور تنقید کا نشانہ بننے کے باوجود مشتاق منہاس کی جانب سے نا اپنی ٹوئٹ ہٹائی گئی، نا ہی غلطی کا اعتراف کر کے معافی مانگی گئی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 2 روز قبل خصوصی دورے کے سلسلے میں سری لنکا پہنچے تھے۔ سری لنکا آمد پر وزیراعظم عمران خان کا لنکن حکومت کی جانب سے ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ جبکہ وزیراعظم کے سری لنکا میں 2 روزہ قیام کے دوران دونوں ممالک کے دوران کئی اہم معاہدے بھی کیے گئے۔