جمال خشوگی کا قتل کس نے کیا تھا،امریکا نے اہم رپورٹ منظر عام پر لانے کا عندیہ دے دیا

تحقیقی رپورٹ میں کنگ آف سعودیہ کے بیٹے سمیت اہم سعودی شخصیات پر الزام دھر دیا گیا،رپورٹ

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 26 فروری 2021 05:21

جمال خشوگی کا قتل کس نے کیا تھا،امریکا نے اہم رپورٹ منظر عام پر لانے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2021ء) جمال خشوگی کے قتل نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی تھی۔ترکی کی سرزمین پر سعودی نژاد امریکی صحافی کا بہیمانہ قتل اور اس کی لاش کا بھی نا ملنا ایسا سوالیہ نشان تھا کہ جس کا جواب آج تک منظر عام ہر نہیں آ سکا۔ترقی نے اس اندوہناک واقعہ پر براہ راست سعودیہ پر الزام عائدکیا تھااور کافی عرصہ حالات کشید رہنے کے بعد ان کے درمیان تلخی کم ہو گئی تھی مگر اب جمال خشوگی کے قتل سے متعلق اہم انکشافات کی رپورٹ امریکہ منظر عام پر لانے جا رہا ہے۔

امریکا نے سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی انٹیلی جنس رپورٹ جلد سامنے لانے کا اعلان کر دیا۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ انصاف کے لیے امریکی رپورٹ اہم ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ صحافی کی موت سے متعلق رپورٹ اجرا کیلئے تیاری کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر بائیڈن جلد سعودی شاہ سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کریں گے۔امریکی اخبار کیلئے کام کرنے والے جمال خشوگی کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا جبکہ الزام ترکی حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی جس کا ترکی حکومت نے شدید ردعمل دیتے ہوئے سعودی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔

معاملے پر امریکی انٹیلی جنس نے تفصیلی رپورٹ تیارکی ہے جس کا جلد اجرا متوقع ہے۔مبینہ رپورٹ سے متعلق دعویٰ کیا جا رہاہے کہ اس میں شاہی خاندان کا ایک اہم فرد(شاید شاہ سلمان کا بیٹا)واقعے کا اہم ملزم گردانا گیاہے۔کئی اہم سعودی شخصیات کو اس رپورٹ میں قتل کی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔اگر یہ رپورٹ سامنے آتی ہے تو جہاں سعودی عرب کی مشکلات میں اضافہ ہو گاوہاں سعودی عرب اور امریکا کے اتحادی ہونے اور باہمی دفاعی تعلقات سمیت سفارتی تعلقات میں بھی دراڑیں پیدا ہو جائیں گی۔تاہم دیکھنا یہ ہے کہ امریکا یہ رپورٹ کیوں جاری کرنا چاہتا ہے اور کب تک اس رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے گا۔