لیڈی گاگا کے کتے اغوا، واپس لوٹانے پر پانچ لاکھ ڈالر انعام

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 26 فروری 2021 10:20

لیڈی گاگا کے کتے اغوا، واپس لوٹانے پر پانچ لاکھ ڈالر انعام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 26 فروری 2021ء) گلوکارہ لیڈی گاگا کے دو فرینچ بل ڈاگ بدھ کی رات کو لاس اینجلس میں اس وقت اغوا کر لیا گیا جب نامعلوم بندوق برداروں نے ان کتوں کو چہل قدمی کرانے والے شخص کو گولی مار دی۔

پولیس نے بتایا کہ بندوق برداروں نے ایک سیمی آٹو میٹک بندوق کا استعمال کیا اور کتوں کو سیڈان کار میں رکھ کر ہالی ووڈ مین روڈ کی جانب فرار ہوگئے۔

کتوں کو چہل قدمی کرانے والا شخص غالباً ہاتھا پائی کے دوران اس وقت زخمی ہوگیا جب اس نے اغوا کاروں کی مزاحمت کرنے کی کوشش کی۔ اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

لیڈی گاگا نے اپنے اغوا شدہ دونوں کتوں 'کوجی' اور 'گستاف' کے بدلے میں پانچ لاکھ ڈالر کی پیش کش کی ہے۔

گاگا کے میڈیا ترجمان نے کہا ”کتوں کو واپس لوٹانے والے شخص سے کسی طرح کا کوئی سوال پوچھا نہیں جائے گا۔

(جاری ہے)

"

ایک تیسرا بل ڈاگ مس آسیہ جائے واردات سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور پولیس نے بعد میں اسے تلاش کر لیا۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، لیڈی گاگا روم میں ایک نئی فلم پر کام کر رہی تھیں۔ ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے کتوں سے بہت پیار کرتی ہیں حتی کہ انہوں نے ان کے لیے ایک انسٹا گرام اکاونٹ بھی مخصوص کر رکھا ہے۔

اغوا کا اصل مقصد؟

لاس اینجلس کے حکام ابھی تک یہ معلوم نہیں کرسکے ہیں کہ اس حملے کے پس پردہ اصل مقصد کیا تھا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بندوق بردار نے ان کتوں کو ان کی شہرت یا ان کی نسل کی وجہ سے نشانہ بنایا تھا۔

امریکا میں فرینچ بل ڈاگ کے مالکان پر حملے یا ان کتوں کے اغوا کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں۔

فرینچ بل ڈاگ انتہائی مہنگے ہوتے ہیں کیونکہ اس نسل کے کتوں کا تولیدی عمل کافی مشکل ہوتاہے۔ ان کتوں کے لیے مصنوعی مادہ منویہ کے ذریعہ حمل ٹھہرایا جا تا ہے اور سیزیرین آپریشن کے ذریعہ ان کی پیدائش ہوتی ہے۔

لاس اینجلس پولیس نے لیڈی گاگا کے اغوا شدہ کتوں کی تلاشی کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)