Live Updates

’سعودی مملکت میں کورونا کی صورت حال غیر مستحکم ہے“

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ابھی کورونا سے نجات نہیں ملی ، ابھی مزید جدوجہد کرنا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 فروری 2021 11:15

’سعودی مملکت میں کورونا کی صورت حال غیر مستحکم ہے“
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 فروری2020ء) سعودی عرب میں اگرچہ ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاہم کورونا کیسز کی گنتی میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس حوالے سے وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر العبد العالی نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کہ ابھی ہمیں کورونا سے نجات نہیں ملی ہے، کیسز کی صورتحال غیر مستحکم ہے،اس موذی وبا سے نجات پانے کے لیے ابھی مزید جدوجہد کرنا ہو گی۔

یہ بات انہوں نے کورونا وبا کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرنے لیے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ڈاکٹر العبد العالی نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن اور مقامی شہری ویکسین لگوانے کے لیے خاصے پُرجوش ہیں۔ مملکت کے تمام علاقوں میں ویکسی نیشن کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اب تک مملکت میں 6 لاکھ 39 ہزار 587 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کا رمضان المبارک کورونا وبا کے دوران ہی آیا تھا، تاہم اس بار کا رمضان المبارک ایسے موقع پر آئے گا جب لاکھوں مسلمان ویکسین لگوا کر کورونا سے محفوظ ہو چکے ہوں گے اور لاکھوں ایسے ہوں گے جنہیں رمضان المبار ک کے دوران کورونا ویکسین لگوانی پڑے گی۔ بہت سے لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ کیا روزے کی حالت میں کورونا ویکسین لگوائی جا سکتی ہے، اس سے روزہ تو نہیں ٹوٹ جاتا ہے۔

ایسا ہی ایک سوال ایک شخص نے سعودی عرب کے مفتی اعظم سے بھی کیا ہے۔ ایک لائیو ٹی وی پروگرام کے دوران کالر نے سوال کیا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ روزے کی حالت میں کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس معاملے میں وضاحت کیجیے کہ شرعی حکم کیا ہے۔ اس سوال کے جواب میں سعودی مفتی اعظم اورنمایاں ترین علماء کی کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ روزے کے دوران کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ ہرگز نہیں ٹوٹتا ہے۔ شرعی طور پر روزے کے دوران کرونا ویکسین لینا جائز ہے۔کیونکہ اس ویکسین کا شمار کھانے پینے کی اشیاء میں نہیں ہوتا۔ یہ ویکسین پٹھوں کے ذریعے جسم میں منتقل کی جاتی ہے، اس لیے اس کے استعمال سے روزے پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات