Live Updates

این اے 75 ڈسکہ: دوبارہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت انتہائی مشکل قرار

پاکستان تحریک انصاف کو بھی پتا ہے اگر پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن ہوا تو اس صورت میں مرضی کے نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں رہتا ، تجزیہ کار ایاز خان کا تبصرہ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 26 فروری 2021 12:31

این اے 75 ڈسکہ: دوبارہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت انتہائی مشکل قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 فروری2021ء) این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد حلقے میں دوبارہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت انتہائی مشکل قرار دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تجزیہ کار ایاز خان نے کہا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو بھی پتا ہے کہ اگر حلقے میں دوبارہ الیکشن ہوا تو ہمارا جیتنا مشکل ہے ، اگر پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن ہوا تو اس صورت میں مرضی کے نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رٹ قائم کی ہے اورادارے اگراسی طرح اپنی رٹ قائم کریں گے توملک کے حالات بہتر ہو جائیں گے ، بہت اطمینان کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ اس ملک میں الیکشن کمیشن بھی شاید آزاد ہونے جارہا ہے ، الیکشن کمیشن نے جو انتظامیہ کے حوالے سے فیصلے کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ، سرکاری ملازموں کویہ سمجھنا چاہیئے کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں کسی کے ذاتی ملازم نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلہ سنادیا ، چیف الیکشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والا ضمنی الیکشن صاف اور شفاف نہیں تھا ،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پورے حلقے میں انتخابات سے متعلق مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 75 ڈسکہ پر دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا جس کے بعد حلقے میں 18 مارچ کو دوراہ انتخاب ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نسکندر سلطان راجہ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ این اے 75 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں ماحول خراب کیا گیا ، پولنگ اسٹیشنز پر فائرنگ اور قتل و غارت ہوئی ، جس کی وجہ سے حلقے میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوا ، اس لیے این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات 18 مارچ کو ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات