غیرت کے نام پر دیور کا بھابھی پر فائرنگ

دیور نے فائرنگ کر کے بھابھی کو شدید زخمی اور پڑوسی کو قتل کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 26 فروری 2021 12:43

غیرت کے نام پر دیور کا بھابھی پر فائرنگ
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 فروری 2021ء) : غیرت کے نام پر پاکستان میں لڑکیوں اور خواتین کو قتل کرنے اور ان کو نقصان پہنچانے کے واقعات معمول کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ آئے روز کبھی کسی لڑکی کو والد غیرت کے نام پر قتل کر دیتا ہے تو کبھی بھائی اور کبھی تو شوہر کے ہاتھوں بھی خواتین غیرت کی پھینٹ چڑھ جاتی ہیں۔ تاہم فیصل آباد میں ایک دیور نے ہی غیرت کے نام پر اپنی بھابھی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد میں گھڑتل گاؤں میں پیش آیا جہاں آصف نامی نوجوان نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنے پڑوسی سفیان کو قتل جب کہ اپنی بھابھی کو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ہونے والی خاتون کو الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی جب کہ پولیس نے مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال جھمرہ منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور فرار ہونے والے ملزم محمد آصف کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اُمید ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور میں ایک باپ نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کو قتل کر دیا تھا۔ لاہور کے علاقہ شالیمار میں والد نے اپنی ہی بیٹی کو غیرت کے نام پر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جو 6 بچوں کی ماں تھی۔ والد نے اپنی بیٹی شہناز بی بی کو مبینہ طو رپر زبیر نامی شخص کے ساتھ دیکھ کر اس پر فائرنگ کر دی جس سے شہناز بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ زبیر شدید زخمی ہو گیا۔