’اب اس طرح کے لوگ ہمیں پکڑیں گے‘

بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانے پر چالان ہوا تو سعودی شہری نے پولیس کے خلاف بدکلامی کی ویڈیو بنا کر پوسٹ کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 26 فروری 2021 13:02

’اب اس طرح کے لوگ ہمیں پکڑیں گے‘
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،26 فروری2020ء) سعودی عرب میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرایا جاتا ہے۔ اس معاملے میں مقامی اور تارکین وطن کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جاتی۔ اسی وجہ سے سعودی عرب کا ٹریفک نظام دُنیا میں اچھا نظام مانا جاتا ہے۔ کچھ ایسی ٹریفک خلاف ورزیاں بھی ہوتی ہیں، جن پر عائد ہونے والوں جرمانوں کی رقم پاکستانیوں کی آدھی پونی تنخواہ کے برابرہوتی ہے۔

ایسی ہی ایک خلاف ورزی بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانا ہے، جس پر بہت زیادہ جرمانہ عائد ہوتا ہے۔ سعودی عرب میں ایک شخص نے انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے پہلے تو بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلائی اور جب اس کا چالان کیا گیا تو بجائے شرمندہ ہونے کے پولیس کے بارے میں توہین آمیزکلمات کی ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر ڈالا۔

(جاری ہے)

تاہم جب یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو اسے گرفتار کر کے اس کی ساری اکڑ نکال دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشرقی ریجن کے علاقعے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف توہین آمیز کلمات کی ویڈیو جاری کرنے والے سعودی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ الشرقیہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ شخص بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلا رہا تھا۔ حفر الباطن سے النعیریہ روڈ کی طرف سفر کرتے ہوئے روڈ سیکیورٹی فورس نے اس کی گاڑی روک کر چالان کردیا۔ تاہم اپنی غلطی تسلیم کی بجائے اس نے طیش میں آکر فوراً یہ ویڈیو بنا لی، جس میں پولیس کے خلاف بے ہودہ زبان استعمال کرتے ہوئے کہا ’اب اس طرح کے لوگ ہمیں پکڑیں گے‘۔

اس شخص نے دیدہ دلیری سے کام لیتے ہوئے اپنی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کر دی۔ جسے کچھ صارفین نے پولیس کو رپورٹ کر دیا۔ ملزم کا سراغ لگانے کے بعد اسے رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی عمر 20سے 30 سال کے درمیان ہے۔ اس کے خلاف سائبر کرائمز ایکٹ اور سیکیورٹی اہلکاروں کی توہین کرنے کے الزامات کے تحت جلد مقدمہ چلایا جائے گا۔