پاکستان میں لاپتا افراد سالہا سال تک واپس نہیں آتے جبکہ مغربی دنیا میں لاپتا کتے بھی چند دن میں بازیاب ہو جاتے ہیں

لیڈی گاگا کے اغوا کیے گئے کتوں کی بازیابی پر لاکھوں ڈالر کے انعام کا اعلان اور چند دن میں کامیابی،پولیس رپورٹ

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 28 فروری 2021 05:36

پاکستان میں لاپتا افراد سالہا سال تک واپس نہیں آتے جبکہ مغربی دنیا ..
ویب نیوز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2021ء) ان دنوں اسلام آباد میں وہ خواتین و حضرات دھرنا اور احتجاج کر رہے ہیں جن کے پیارے لاپتا ہیں اور ان کے زندہ یا مردہ ہونے کی بھی کوئی خبر نہیں ہے۔حیرت ہوتی ہے کہ ریاستی ادارے بھی اس ایشو پر خاموش ہیں ا ور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے باوجود بھی ان معاملات کی تفتیش اور تحقیق نہیں کی جاتی کہ مسنگ پرسنز کا کیس اصل میں ہے کیااور غائب کیے جانے والے لوگ جاتے کہا ں ہیں۔

ایک طرف پاکستان ہے جہاں انسان کی جان کی کوئی قیمت نہیں اور انہیں معمولی سی بات پر قتل کر دیا جاتا ہے یا پھر غائب کر دیا جاتا ہے اور سالہا سال تک اس کی برآمدگی ہی ناممکن بنا دی جاتی ہے۔جبکہ دوسری طرف دنیا کی مشہور ترین شخصیت کے کتے ہیں جن کے غائب ہونے پر پوری مشینری حرکت میں ا ٓجاتی ہے اور محض چند دن میں ہی لاپتا کتے بازیاب ہو کر لیڈی گاگا کے پاس پہنچ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے تو ثابت ہوا کہ پاکستانی لوگوں کی جانوں سے زیادہ تو ایلیٹ کلاس کے جابوروں کی بھی زیادہ اہمیت ہے کہ ان کی بازیابی کے لیے ہزاروں ڈالر کا انعام رکھ دیا جاتا ہے۔معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا، جو اپنے گانوں اور پرفارمنس کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں، انہوں نے اپنے اغوا ہونے والے دو کتوں کو واپس لانے والے کو کروڑوں روپے انعام میں دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب لیڈی گاگا کے کتے باحفاظت انہیں واپس مل گئے ہیں جنہیں ایک خاتون نے پولیس تک پہنچایا۔چند روز قبل یورپی ملک اٹلی کے شہر روم میں کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے موجود لیڈی گاگا نے اپنے نایاب کتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر انعام میں دینے کا اعلان کیا تھا۔لیڈی گاگا کے فرانسیسی نسل کے نایاب کتوں کو چند دن قبل ڈاکو، اداکارہ کے ملازم سے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

ڈاکوؤں نے گلوکارہ کے کتے اس وقت ان کے ملازم سے چھینے جب لیڈی گاگا کا ملازم کتوں کو ٹہلانے اور سیر کرانے کے لیے گھر سے باہر نکلا تھا۔ برطانوی خبرساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق لیڈی گاگا کے 2 اعلیٰ نسل کے مہنگے ترین کتوں کوجی اور گستو کی واپسی ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی اپیل کے بعد ہوئی،لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان آفیسر مائیک لوپیز کے مطابق ایک خاتون نے ان کتوں کو باحفاظت پولیس اسٹیشن پہنچایا اور انہیں گلوکارہ کے نمائندوں کو دے دیا گیا ہے۔ترجمان نے لیڈی گاگا کے کتے پہنچانے والی خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی۔تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ کتوں کو پولیس تک باحفاظت پہنچانے والی خاتون نے انعام وصول کیا یا نہیں۔