کرپشن پر جیل یاتر اکے بعد جشن منانا لیگیوں کو ہی زیب دیتا ہے ‘ صدیق اکبر

مریم صرف اپنے کزن کی سیاسی حیثیت کا جائزہ لینے ریلی میں شریک ہوئیں ‘رہنما پی ٹی آئی

اتوار 28 فروری 2021 11:05

کرپشن پر جیل یاتر اکے بعد جشن منانا لیگیوں کو ہی زیب دیتا ہے ‘ صدیق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) انصاف ویلفیئر ونگ شالیمار ٹائون کے صدر ملک صدیق اکبر نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے پر جیل یاتر اکے بعد جشن منانا مسلم لیگ (ن) کو ہی زیب دیتا ہے ، مریم نواز خوش دلی سے حمزہ شہباز کی کرپشن کی بارات میں شریک نہیں ہوئیں بلکہ وہ اپنے کزن کی سیاسی حیثیت کا جائزہ لینے گئی تھیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا اور اب دوسری نسل اس سیاسی میراث کو آگے بڑھا نے کیلئے کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

دونوںجماعتیں صرف کرپشن کے کیسزمیں ریلیف چاہتی ہیں لیکن ان کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اورانہیں قوم کے لوٹے ہوئے اربوں روپے واپس کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکرکرپشن کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بنے ہوئے ہیں جو دونوں جماعتوں کو ہضم نہیں ہو رہا اور حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہر ادارے میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن میں آ ئے گا ۔