سری لنکا میں ہونے والا ایشیاء کپ نہیں ہوگا: احسان مانی

جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہوگا، پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد زمبابوے کا دورہ بھی کرے گی: چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 فروری 2021 13:35

سری لنکا میں ہونے والا ایشیاء کپ نہیں ہوگا: احسان مانی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2021ء ) چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والا ایشیاء کپ نہیں ہوگا، ممکن ہے کہ اسے 2023ء تک ملتوی کرنا پڑجائے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایشیاء کپ کا انعقاد رواں سال بھی ممکن نہیں ہوسکے گا کیونکہ جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا جائے گا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد زمبابوے کا دورہ بھی کرے گی جس کے باعث لگتا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والے ایشیاء کپ نہیں ہوگا ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ ایشیاء کپ کو 2023ء تک ملتوی کرنا پڑے ۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرونا کی دوسری لہر موجود ہے جس کے باعث یہاں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے ، فیصلہ ہوچکا ہے کہ اگر بھارت میں ممکن نہیں تو یو اے ای میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہوگا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ وینیوز سے متعلق 31 مارچ تک حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

احسان مانی کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ آئی سی سی ایونٹ پر پی سی بی کے اجلاس میں تفصیلی بات کی گئی، آئی سی سی سے کہا ہے کہ صحافیوں کو ویزا ملے تاکہ اچھی طرح ایونٹ کور کرسکیں۔