پاکستان کو بھارت سے یقین دہانی نہ ملنے پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منقل ہوجائیگا: پی سی بی

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی سے ویزوں اور سکیورٹی کی تحریری ضمانت مانگی ہے: احسان مانی ، وسیم خان کی پریس کانفرنس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 فروری 2021 14:43

پاکستان کو بھارت سے یقین دہانی نہ ملنے پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ متحدہ عرب ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 فروری2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی سے کھلاڑیوں کے ویزوں کیلئے تحریری ضمانت مانگی ہے، بھارت میں ورلڈ ٹی ٹونٹی نہ ہوا تو ٹورنامنٹ یو اے ای منتقل کردیا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ لگتا ہے اس سال بھی ایشیاء کپ ناممکن ہوگا، سری لنکا نے جون میں میزبانی کا کہا تھا لیکن اب تاریخوں کا کلیش آرہا ہے، جون میں آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل ہے، لگتا ہے کہ ایشیاء کپ 2023ء تک ملتوی کرنا پڑے گا۔

احسان مانی نے کہا کہ بھارت میں 2 اکتوبر سے آئی سی سی ایونٹ ہونے جا رہا ہے، آئی سی سی سے کہا ہے ہمیں تحریری تصدیق چاہیے کہ کھلاڑیوں، سکواڈ، صحافیوں اور کراؤڈ سمیت سب کو ویزے ملیں، کل بھی آئی سی سی سے ورچوئل میٹنگ ہے، میٹنگ میں معاملہ دوبارہ اٹھاؤں گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ انعقاد کا فیصلہ 31 مارچ سے قبل متوقع ہے، بھارت میں ورلڈ ٹی ٹونٹی نہ ہوا تو ٹورنامنٹ یو اے ای منتقل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کو ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے 3 مسائل درپیش ہیں، بھارت کو پاکستانی ویزے، ٹیکس استثنیٰ اور کورونا کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ بھارت میں ہونا ہے اس لیے بھارت ورلڈ کپ میں پاکستان سے مکمل تعاون کرے گا، بھارت اگر پاکستانی سکواڈ کو ویزے اور مکمل سکیورٹی نہیں دے سکتا تو ایونٹ کی میزبانی کسی دوسرے ملک کو دینے پر زور دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سٹی کرکٹ کے ٹرائل کا سلسلہ جلد شروع ہونے والا ہے، سٹی کرکٹ کی 90 سے زائد ٹیمیں بنیں گی۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کو ان کی کارکردگی پر کنٹریکٹ دینے کی پیشکش کی، حفیظ نے انکار کیا یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا۔