Live Updates

سینیٹ میں اوپن ووٹنگ کے لئے آئین میں دو تھائی اکثریت سے ترمیم صرف پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے عدالت نہیں، نثار کھوڑو

امید ہے کہ عدالت اس سے متعلق نظریہ ضرورت کو جنم نہیں دے گی، اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب سینیٹ کے بعد ملک میں مشاورت سے تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل تین ماہ کے لئے نگران حکومت قائم کی جائے اور نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کرائے اور جو جماعت اکثریت حاصل کرے اس کو حکومت بنانے دی جائے

اتوار 28 فروری 2021 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سینیٹ میں اوپن ووٹنگ کے لئے آئین میں دو تھائی اکثریت سے ترمیم صرف پارلیمنٹ ہی کرسکتی ہے عدالت نہیں۔ امید ہے کہ عدالت اس سے متعلق نظریہ ضرورت کو جنم نہیں دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کے اعزاز میں دئے گئے عشائیے کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

عشائیے میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، فریال تالپور، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سندھ سے پارٹی کے سینیٹ امیدواروں اور پیپلز پارٹی اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ نثار کھوڑو نے کہا کے حکومت سے اتحادی جب اتحاد کر سکتے ہیں تو اتحاد سے دستبردار بھی ہو سکتے ہیں اس لئے تمام اراکین کو ان کو ضمیر کے مطابق آئین کے تحت ووٹ دینے کا حق حاصل ہونا چاھیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کے پی ڈی ایم کی حکمت عملی نے وزیراعظم عمران خان کو بند گلی میں کھڑا کردیا ہے اب سینیٹ میں سندھ تو کیا وفاق میں بھی کامیابی حاصل کرکے تبدیلی سرکار کو سرپرائیز دینگے۔ نثار کھوڑو نے کہا کے پی ٹی آئی سرکار کو ھر محاذ پر ناکامی کے بعد اب سینیٹ میں بھی ناکامی کا سامنہ کرنا پڑ جائے گا۔ انہوں نے کہا کے پی ٹی آئی کے اتحادی اور اپنے اراکین بھی وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی سے بے زار ہوچکے ہیں۔

اس لئے سینیٹ انتخابات سے قبل ہی وزیراعظم عمران خان اپنے اقتدار کی کرسی ھلتے دیکھ رہے ہیں۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کے تبدیلی سرکار کا کانٹ ڈان شروع ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کے مصنوعی اکثریت کے سھارے اب عمران خان اور تبدیلی سرکار مزید زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کے حکومت کو سھارا دینے والے اتحادی اور دیگر قوتیں اب عمران خان کو مزید کندھا دینے کو تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کے ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نکالنے کا واحد حل قبل از وقت انتخابات اور جمھوری حکومت کا قیام ہیں ان کا کہنا تھا کے سینیٹ کے بعد ملک میں مشاورت سے تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل تین ماہ کے لئے نگران حکومت قائم کی جائے اور نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کرائے اور جو جماعت اکثریت حاصل کرے اس کو حکومت بنانے دی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات