Live Updates

’آج پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں لیکن آئندہ کا کچھ پتہ نہیں‘

حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل کا معنی خیز بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 فروری 2021 23:01

’آج پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں لیکن آئندہ کا کچھ پتہ نہیں‘
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2021ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آج تو پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے لیکن آئندہ کا پتہ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پیغام بہتر طریقے سے نہیں پہنچ سکا اور ظہرانے میں شرکت تاخیر سے دعوت ملنے پر نہیں کی ، کیوں کہ جن دعوت ملی تو ایم کیوایم کے ارکان اپنے حلقوں میں مصروف تھے۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازنے بند نہیں ہوتے ، وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ نہ دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، اس حوالے سے ایم کیوایم کا اجلاس ہوگا اور اس میں جو فیصلہ کیا گیا اس سے آگاہ کریں گے تاہم ایم کیو ایم کا ووٹ کوئی بھی نہیں خرید سکتا کیوں کہ پیسے پر ووٹ خریدنے والے آج بھی سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں دعوت ملنے کے باوجود ایم کیو ایم پاکستان نے شرکت نہ کی ، تفصیلات کے مطابق 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن سے پہلے اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ملاقاتوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے ، اسی سلسلے میں کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کو بھی دعوت دی گئی ، تاہم پی ٹی آئی کی اس دعوت پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی ظہرانے میں شریک نہ ہوا جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی طرف سے صدرجی ڈی اے صدرالدین راشدی نے دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما مولوی محمود نے بتایا کہ تمام حکومتی اتحادیوں کو ظہرانے میں شرکت کی دعوت دی گئی تاہم ایم کیو ایم کا وفد مصروفیت کے باعث نہیں آسکا ، اس ضمن میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان کے مطابق تمام جماعتیں اپنے طور پر سینیٹ انتخابات کی تیاری میں مصروف ہیں ، اسی لیے ایم کیو ایم ارکان صوبائی اسمبلی بھی اپنی تنظیمی مصروفیت کے باعث پی ٹی آئی ظہرانے میں شریک نہیں ہوسکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات