اگر گیلانی سینیٹ میں جیت گئے تو شاید دھرنے کی ضرورت نہ پڑے

مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما محمد زبیر نے دھرنا نہ دیے جانے کا عندیہ دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 مارچ 2021 10:36

اگر گیلانی سینیٹ میں جیت گئے تو شاید دھرنے کی ضرورت نہ پڑے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مارچ 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اگر سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی جیت گئے تو شاید دھرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 مارچ کو حکومت کے خلاف لانگ مارچ کراچی، کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں سے شروع ہوگا، ابھی یہ طے نہیں ہے کہ لانگ مارچ کب اسلام آباد پہنچے گا۔

محمد زبیر نے کہا کہ 10 اپریل سے رمضان شروع ہو رہے ہیں اور اسلام آباد میں دھرنا 10 اپریل تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز بھی ایسا ہی ایک اشارہ دے چکی ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں انشا اللہ اب شروع ہوں گی ، ڈسکہ اور سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ کی تیاری ہے لیکن ہو سکتا ہے لانگ مارچ کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے متعلق سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا کہ ایوان بالا کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے۔ اب سے کچھ دیر قبل چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے چار ایک کی شرح سے رائے سنائی۔ ریفرنس پر سماعت کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس یحیی آفریدی شامل تھے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے دیگر ججز کی رائے سے اختلاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے متعلق صدارتی ریفرنس پررائے نہیں دینی چاہیے۔ بینچ میں شامل دیگر ججز نے اپنی رائے میں کہا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے ارٹیکل 226 کے تحت ہوں گے۔ خیال رہے کہ آئین کے آرٹیکل 266 میں واضح طور پر ذکرموجود ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری سے ہوں گے۔