Live Updates

حیدرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام، 500 نوجوانوں کی مفت تربیت کا اعلان

وزیر اعلیٰ سندھ عوام کی خدمت میں سنجیدہ نہیں، ہرشہر میں یونیورسٹی اورٹیکنالوجی پارک کے قیام کے خواہشمند ہیں، سید امین الحق

پیر 1 مارچ 2021 11:28

حیدرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام، 500 نوجوانوں کی مفت تربیت ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے حیدرآباد کے 500 نوجوانوں کو شعبہ آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے اور شہر میں موبائل سگنلز کے مسائل کی نشاندہی ہونے پر 48 گھنٹوں میں اس کے حل کا اعلان کردیا انھوں نے یہ اعلان حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں وزارت آئی ٹی کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین مفاہمتی یاد داشت پر دستخط اور حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف آرٹس، سائنس و ٹیکنالوجی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

اس موقع پرپاکستان سافٹ ایئر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی عثمان ناصر‘پاکستان سافٹ ایئر ہاﺅس ایسوسی ایشن کی صدرجہاں آرا‘ اراکین قومی اسمبلی صابر قائم خانی‘ صلاح الدین ‘ اور وزارت آئی ٹی کے حکام و سافٹ ویئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ہم صوبے کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن قائم علی شاہ سے لے کر مراد علی شاہ تک سب تنگ نظر ہیں، انھیں سندھ اور سندھ کی عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں ،3ماہ قبل ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی تھی کہ سندھ کے مختلف اضلاع لاڑکانہ، بدین، نواب شاہ ودیگرشہروں میں کوئی پرانی کھنڈرنما عمارت ہوتو وہ ہم کو دے دیں ہم اس کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کردیں گے لیکن انہوں نے آج تک اس کا جواب نہیں دیا۔

کشمور، سکھر، نوشیروفیروز، بےنظیرآباد و اطراف کے علاقوں میں فائبر آپٹیکل بچھانے کے 5 ارب روپے سے زائد کے دو مختلف منصوبوں کے آغاز کیلئے مدعو کیا لیکن وزیر اعلیٰ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جو سندھ اور سندھ کے عوام کی خدمات میں ان کی عدم دلچسپی ظاہر کرتی ہے۔ سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سندھ میں بزنس فرینڈلی ماحول نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے مختلف کمپنیاں پنجاب اور کے پی کے منتقل ہورہی ہیں‘ہم حیدرآباد کو جدید اور ماڈل ٹیکنالوجی میں آگے دیکھنا چاہتے ہیں‘جس کے لئے حیدرآباد میں ”سافٹ ایئر ٹیکنالوجی پارک “ کاقیام عمل لایاجارہاہے ‘ ٹیکنالوجی پار ک کے قیام سے حیدرآباد کے نوجوانوں کو آئی ٹی شعبہ میں ایک موثرپلٹ فارم میسر آئے گا‘جلد ہی نوابشاہ ‘سکھر اوردیگر شہروں میں بھی ٹیکنالوجی پارک کاقیام کیا جائے گا‘انہوں نے کہاکہ سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کے لئے وزرات آئی ٹی کی جانب سے اربوں روپے کے منصوبے سندھ کےلئے بنائے گئے ہیں ‘سندھ کی عوام کی خدمت کےلئے تمام وسائل بروئے کار کائے جائیں گے ‘ حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام شہروں میں یونیورسٹی بھی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ہم صوبے کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں‘لیکن پیپلزپارٹی کی حکومت شہری سندھ کو سہولیات سے محروم رکھنا چاہتی ہے‘قائم علی شاہ سے لے کر مراد علی شاہ تک سب تنگ نظر ہیں‘ انہوں نے کہاکہ اگر 80کی دہائی میں ملک میں گاڑیاں بننا شروع ہوجاتی ہے توآج ملک میں چھوٹی گاڑیوں کے بجائے بڑی گاڑیاں بن رہی ہوتی ‘آج ملک میں25ہزار سے دولاکھ تک روپے میں فون فروخت ہورہے ہیں ہم چاہتے ہیں یہ موبائل فون ملک میں بنائے جائیں تاکہ نوجوانوں کو لاکھوں کے بجائے چند ہزار روپے میں فون میسرآسکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور ان ہی کے ساتھ مل کر سینٹ کا انتخاب لڑیں گے ‘گزشتہ دنوں سینٹ کے امیدوار اور سابقہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایم کیوایم سے رابطہ کیا تھا کہ وہ دفتر آنا چاہتے ہیں تو ہم نے کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہے ہیں ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ، انہوں نے کہاکہ سینٹ کے انتخابات میں حکومتی اتحادی جماعتیں سندھ سے 5سیٹیں جیتیں گی ، اتحادی جماعتوں کے پاس صوبہ سندھ میں سینٹ کی سیٹوں کیلئے اراکین کی اکثریت موجود ہے۔

سید امین الحق نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی اتحادی جماعت ہے اور ہمارے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت بھی موجود ہے ، 3مارچ کو سینٹ کے انتخاب میں ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر آئی ٹی نے حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف آرٹس، سائنس و ٹیکنالوجی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا افتتاح کیا اس موقع پر انھوں نے وہاں موجود آئی ٹی ہنرمندوں سے ان کے کام اور مستقبل کے حوالے سے کئی سوالات کیئے، بعد ازاں منعقدہ تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ایم ڈی عثمان ناصر اور انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین کرنل خالد خان نے دستخط کیئے۔

واضح رہے کہ معاہدے کے تحت مذکورہ انسٹی ٹیوٹ میں وزارت آئی ٹی کے تعاون سے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک ککیلئے تیکنیکی معاونت سمیت دیگر امور میں سپورٹ فراہم کرنے کے علاوہ شعبہ آئی ٹی کے حوالے سے تربیت ‘ نوجوانوں کی صلاحیت میں اضافے ‘ آن لائن تربیت ‘اکیڈمی اور انڈسٹریز کے درمیان روابط کے فروغ سمیت دیگر نوعیت کے حوالے سے تعاون فراہم کیا جائےگا۔ تقریب سے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات