کویت کے یوم آزادی کے موقع پر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام ایک آن لائن پروگرام

اکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی پروگرام کی میزبانی کے فرائض یوتھ ونگ کے ممبران عبداللہ شریف اور لیاقت بٹ نے مشترکہ طور پر انجام دیے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 1 مارچ 2021 11:53

کویت کے یوم آزادی کے موقع پر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے ..
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء،نمائندہ خصوصی،محمد عرفان شفیق) کویت کے یوم آزادی کے موقع پر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام ایک آن لائن (زوم میٹنگ) پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔

پروگرام کی میزبانی کے فرائض یوتھ ونگ کے ممبران عبداللہ شریف اور لیاقت بٹ نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت نوجوان حافظ محمد رشید بیگ نے حاصل کی۔ یوتھ ونگ کے سینئر ممبر محمد اکبر نے حدیث نبوی اور اس کا مفہوم خوبصورت طریقے سے بیان کیا۔

کویت اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے.جنہیں حاضرین نے عقیدت و احترام سے سماعت کیا۔

(جاری ہے)

صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت صدف علی صدف نے حاضرین مجلس کو خوش آمدید کہا اور آئی ای سی یوتھ ونگ کے اغراض و مقاصد اور اس کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں حاضرین کو مختصراً آگاہ کیا۔

کویت ہمارا دوسرا گھر ہے لہٰذا کویت میں موجود پاکستانی کمیونٹی کویت کا قومی دن ہم اسی طرح مناتے ہیں جس طرح یوم آزادی پاکستان مناتےہیں۔

اپنی اپنی زندگیوں میں خوشحالی اور بہتری کے خواب سجائے جب ہم کویت کی سر زمین پراترے تو اس وطن نے ہمیں آغوش محبت میں لے لیا۔ الله کا شکر ہے کہ اس سر زمین اور اہل کویت کے لیے انس و محبت بھی ہے اور شکریہ کے جذبات بھی جس کا اظہار ہر سال IEC یوتھ ونگ کسی نہ کسی طرح کرتی ہے۔

ھلا فبرائیر کا یہ موقع ہمیں آزادی کی قیمت اور اہمیت کا احساس بھی دلاتا ہے کیونکہ غلام کی نہ تو اپنی سوچ ہوتی ہے نہ عمل اس کا نہ کوئی مقصد ہوتا ہے اور نہ مقصد حیات ۔الله تعالی کویت میں بسنے والوں پر اپنا رحم و کرم فرمائے اور ہر طرح کی نعمت سے مالا مال کرے آمین۔

اس کے بعد پروگرام میں آئی ای سی یوتھ ونگ کے نوجوان عبدالرحمان شہباز کی کویت کے بارے میں تیار کی گئی ڈاکومنٹری پیش کی گئی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

اس پروگرام کی خاص بات اس میں کچھ کویتی بھائیوں کی شرکت بھی تھی جن میں ابو عبدالله/مشعل المطیری، مہندس عبدالرزاق الضویحی، عبدالله مسفر القحطانی، ابو شایع/ حسین ابو شیبہ (مختار منطقہ صلیبیخات) جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ کویت اور پاکستان دونوں ممالک اسلامی اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔



کویتی اپنے برادر ملک پاکستان کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستانیوں کی کویت سے محبت پر ان کے شکر گزار ہیں۔ کچھ کویتی بھائیوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا اور بالخصوص عالم اسلام کا ایک اہم اور طاقتور ملک ہے جس پر تمام امت مسلمہ کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پروگرام میں شریک کویتی شہریوں میں سے کئی پاکستان کا دورہ کر چکے تھے جسے انہوں نے اپنی زندگی کا یادگار دورہ قرار دیا۔

پروگرام میں کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی کئی دوسری تنظیموں کے یوتھ ونگ کے لیڈران کو بھی اظہار خیال کے لیے مدعو کیا گیا تھا جن میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے یوتھ ونگ کے صدر فخر زمان، پاکستان مسلم سنٹر یوتھ ونگ آرگنائزر عرفان ناگرہ اور پاکستان عوامی سوسائٹی کویت یوتھ ونگ کے صدر انجینئر میاں آصف علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کویتی بہن بھائیوں کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد دی اور ساتھ انہوں نے آئی ای سی یوتھ ونگ ٹیم کا اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر شکریہ بھی ادا کیا اور مستقبل میں کمیونٹی کی خدمت کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

تمام تنظیموں کے نمائندوں نے خاص طور پر کہا کہ آئی ای سی اور اس کی یوتھ ونگ خراج تحسین کی مستحق ہے ان لوگوں نے ہمیشہ کمیونٹی کو آپس میں جوڑے رکھنے اور باہم اتفاق و اتحاد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کویت میں پاکستانی بچوں کی سرگرمیوں اور ان کے کویت کے بارے تاثرات پر مبنی ایک پریزینٹیشن بھی پروگرام کا حصہ تھی۔ سفارت خانہ پاکستان کے نمائندے ڈاکٹر محبوب عالم صاحب شروع سے آخر تک پروگرام کا حصہ رہے۔



انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ای سی یوتھ ونگ کے کام اور محنت نے مجھے بڑا متاثر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ لوگ یا تو صرف دین کو پکڑ لیتے ہیں یا پھر صرف دنیا کے ہو جاتے ہیں مگر آپ لوگ دونوں چیزوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہو اور بڑی کامیابی سے ساتھ چل رہے ہو، یہ ایک بہت بڑی بات ہے اور دیار غیر میں پاکستان کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جیسے لوگ پاکستان کا مثبت چہرہ ہیں اور مجھے آپ کے ساتھ آج کے اس پروگرام میں بیٹھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح آپ لوگوں نے کرونا وباء کے دنوں میں اپنی کمیونٹی کی مدد کے لیے جو سفارت خانے کے ساتھ تعاون اور کام کیا ہے وہ بھی انتہائی لائق تحسین تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ آپ جیسے لوگوں کی محنت اور کوششوں کا معترف ہے اور جہاں بھی آپ لوگوں کو اور پاکستانی کمیونٹی کو ہماری مدد کی ضرورت ہوگی ان شاءالله سفارت خانہ آپ کی پشت پر کھڑا ہو گا۔

پروگرام کے میزبانوں عبدالله شریف، لیاقت بٹ اور صدر آئی ای سی یوتھ ونگ صدف علی صدف نے ڈاکٹر محبوب عالم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید احمد کے اختتامی خطاب اور دعا کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے تمام حاضرین اور مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور کویت کے لیے پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کویتی بہن بھائیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے آزادی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور امت مسلمہ کے اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آخر میں کویت، پاکستان اور تمام امت مسلمہ میں امن و استحکام کے لیے دعا کی گئی اور اس کے ساتھ ہی آئی ای سی کویت کے سابق صدر و مربی اخلاق احمد کے نوجوان صاحبزادے فجر اخلاق مرحوم اور آئی ای کویت کے رکن محترم رضا بھائی کی ہمشیرہ (مرحومہ) کی بلندی درجات کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں صدر یوتھ ونگ آئی ای سی صدف علی صدف نے تمام حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا۔