سرجن مقدمے کی سماعت کے لیے آپریشن کے دوران ویڈیولنک کے ذریعے عدالت پیش ہوگیا

ڈاکٹر کے خلاف ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ جس کی آن لائن سماعت مقرر تھی‘جج نے عدالتی کاروائی ملتوی کرکے پہلے مریض کا آپریشن کرنے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 1 مارچ 2021 15:11

سرجن مقدمے کی سماعت کے لیے آپریشن کے دوران ویڈیولنک کے ذریعے عدالت ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم مارچ ۔2021ء) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے میڈیکل بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس پلاسٹک سرجن کے خلاف تحقیقات کرے گا جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا مرتکب ہونے پر ہونے والی عدالتی سماعت میں آپریشن کرتے ہوئے ویڈیو کے ذریعے پیش ہوئے. بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کرے گا اور بورڈ چاہتا ہے کہ سرجنز آپریشنز کے دوران مریضوں کے علاج سے متعلق قواعد کی پابندی کریں کیلی فورنیا کے مقامی جریدے کے مطابق ڈاکٹر اسکاٹ گرین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کیے جانے پر ہونے والی ورچوئل عدالتی سماعت کے دوران آپریشن روم سے بذریعہ ویڈیو پیش ہوئے.

(جاری ہے)

کرونا وبا کی وجہ سے امریکہ کی کئی ریاستوں میں عدالتی کارروائی بھی ورچوئل یعنی آن لائن منعقد کرنے کا رحجان ہے رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر اسکاٹ نے سرجری کرنے والی وردی پہن رکھی تھی اور مریض کا آپریشن جاری تھا جو کہ ویڈیو میں دکھائی نہیں دے رہا تھا تاہم طبی مشینوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں. عدالتی سماعت شروع ہونے سے پہلے عدالت کے کلرک یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ جب انہوں نے ڈاکٹر گرین سے پوچھا کہ کیا وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں؟کلرک نے ڈاکٹر گرین سے مزید پوچھا کہ انہیں لگ رہا ہے کہ وہ اس وقت آپریشن تھیٹر میں موجود ہیں؟.

اس کے جواب میں ڈاکٹر گرین نے کہا کہ جی ہاں وہ اس وقت آپریشن تھیٹر میں موجود ہیں اور وہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں ڈاکٹر گرین کے جواب پر کلرک نے انہیں یاد دلایا کہ قانون کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق ہونے والی عدالتی کارروائی کو براہِ راست نشر کیا جاتا ہے جس کے جواب میں گرین کا کہنا تھا کہ وہ یہ جانتے ہیں. اس دوران ڈاکٹر گرین اپنی دستیابی کا بتا کر اس دوران سرجری میں بھی مصروف رہے تاہم جب کورٹ کمشنر کمرہ عدالت میں پہنچے تو وہ مریض کی بہتری کے لیے سماعت شروع کرنے سے ہچکچائے جس کے جواب میں ڈاکٹر گرین کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ ایک اور سرجن بھی اس وقت آپریشن کر رہا ہے اور وہ یہاں کھڑے رہتے ہوئے ہی انہیں آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دے سکتے ہیں.

اس موقع پر جج کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں یہ مناسب نہیں ہے کہ عدالتی سماعت جاری رکھی جائے جج نے ڈاکٹر گرین سے کہا کہ وہ عدالت میں پیشی کے لیے ایسے وقت کا انتخاب کر سکتے ہیں کہ جب وہ آپریشن میں مصروف نہ ہوں اس کے جواب میں ڈاکٹر گرین نے معذرت کی جس کے جواب میں کمشنر لنک کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ صحت مند رہیں، لہذٰا ان کی زندگی زیادہ قیمتی ہے میڈیکل بورڈ کے اعلان پر ڈاکٹر گرین کی طرف سے کوئی موقف نہیں دیا گیا.