شاہد آفریدی کی اصل عمر کیا ہے؟ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

بوم بوم آفریدی نے تصدیق کی کہ وہ آج 44 سال کے ہو گئے ہیں تاہم آئی سی سی ریکارڈ میں انکی عمر 41 سال ظاہر ہوتی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 مارچ 2021 15:52

شاہد آفریدی کی اصل عمر کیا ہے؟ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2021ء ) سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے پیر کو اپنی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا لیکن انہوں نے اپنی حقیقی تاریخ پیدائش پر لوگوں کو الجھا دیا۔ انہوں نے 44 ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ ’فیملی اور پرستار میرا قیمتی ترین اثاثہ ہیں، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ واقعتاً ملتان سلطانز کے ساتھ اپنے ٹائم سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ ایسی پرفارمنس پیش کریں جو ٹیم کو فتح دلائے‘۔

آفریدی کی اس ٹویٹ کے بعد فوری بعد ٹویٹر پر ان کی عمر کے بارے میں بحث شروع ہوگئی ۔ آل راؤنڈر جنہوں نے 1996ء سے 2017ء کے دوران 27 ٹیسٹ ، 398 ون ڈے انٹرنیشنل اور 99 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ،ہمیشہ اپنی عمر کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں موضوع بحث رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اگرچہ بوم بوم آفریدی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ آج 44 سال کے ہو گئے ہیں تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ریکارڈ میں ان کی عمر 41 سال ظاہر ہوتی ہے ۔ آفریدی کی عمر کی تصدیق کے لیے سوشل میڈیا پر صارفین نے طرح طرح کے ری ایکشن دیئے۔