کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ،رمیز راجہ نے عماد وسیم کی کپتانی پر سوالات اٹھا دیئے

جب لاہور قلندرز نے 30 رنزپر 3 وکٹیں گنوائیں توعماد وسیم کو وہیں لاہور کی میچ میں واپسی کا امکان ختم کردینا چاہیئے تھا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 مارچ 2021 16:55

کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ،رمیز راجہ نے عماد وسیم کی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2021ء ) اتوار کو کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے عماد وسیم کی کپتانی پر سوالات اٹھا دیئے۔ اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ عماد کو پی ایس ایل 6 کے میچ کے دوران 3 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد فیلڈ میں مزید ایکٹیو ہونا چاہیئے تھا ۔

انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے اختتامی اوور میں بہت زیادہ رنز دے دیئے، عماد وسیم کی حکمت عملی تھوڑی بہتر ہوسکتی تھی، جب اس وقت لاہور قلندرز نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں گنوا دیں تو عماد وسیم کی جانب سے بہترین کپتانی کی ضرورت تھی اور انہیں وہیں لاہور قلندرز کی میچ میں واپسی کا امکان ختم کردینا چاہیئے تھا ۔ رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ بین ڈنک اور فخر واحد کھلاڑی تھے جو کھیل کو لمبا کھینچ سکتے تھے اس لئے عماد وسیم کو محمد عامر کو ایک مزید اوور دینا چاہیئے تھا ، محمد عامر کراچی کنگز کے بہترین بائولر ہیں اور اس سال پی ایس ایل میں ہدف کا تعاقب کرنا بہت آسانی دکھائی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے مابین بہترین مقابلے کی بھی تعریف کی۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہ میچ انتہائی سنسنی خیز رہا، موسم خوشگوار تھا اور لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین ہونے والے اس میچ کے بعد پی ایس ایل کا مزہ اور بھی دوبالا ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ کراچی کنگز کی جانب سے دیئے گئے 187 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرکے لاہور قلندرز نے مقابلہ 6 وکٹوں سے اپنے نام کیا ۔