عوام نے اپوزیشن کی افراتفری پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنادی،پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی سکت نہیں،میاں اسلم اقبال

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کی افراتفری پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنادی ہے ۔جلسوں اور ریلیوں کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی سکت بھی نہیں رہی اورسینٹ انتخابات میں شکست کے بعد ذاتی مفادات کے لئے اکٹھے ہونے والا مایوس ٹولا بکھر جائے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 1 مارچ 2021 17:30

عوام نے اپوزیشن کی افراتفری پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنادی،پی ڈی ایم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کی افراتفری پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنادی ہے ۔جلسوں اور ریلیوں کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم میں لانگ مارچ کی سکت بھی نہیں رہی اورسینٹ انتخابات میں شکست کے بعد ذاتی مفادات کے لئے اکٹھے ہونے والا مایوس ٹولا بکھر جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست کوتجارت بنانے والے مفاد پرست گروہ کی کرپشن کا نظام دوبارہ لانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف برسوں جنگ کی ہے اور کرپشن کے بتوں کو بے نقاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والے رہبر نہیں راہزن ہیں۔سابق حکمرانوں کی لوٹ مار نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے۔عوام نے 2018کے انتخابات میں کرپشن کے باطل نظام کو شکست دی اور2023 میں بھی کرپٹ ٹولے کو عوام ایک بارپھر مسترد کریں گے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل ضرور پائے گا۔حکومت کی درست معاشی ترجیحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ سے معیشت مضبوط ہو رہی ہے اورحکومت ملک کو معاشی استحکام سے ہمکنار کرے گی۔