Live Updates

معیشت درست ٹریک پر،پاکستان ترقی کے سفر کیلئے ٹیک آف کرچکا ،کورونا کے باوجودکاروباری سرگرمیاں میں تیزی:عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن ملکی مفادات کے مخالف ایجنڈے پر چل رہی ہے-پی ڈی ایم کو ملکی ترقی عزیز نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 1 مارچ 2021 17:34

معیشت درست ٹریک پر،پاکستان ترقی کے سفر کیلئے ٹیک آف کرچکا ،کورونا کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن ملکی مفادات کے مخالف ایجنڈے پر چل رہی ہے-پی ڈی ایم کو ملکی ترقی عزیز نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے ۔معیشت درست ٹریک پر آچکی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر کے لئے ٹیک آف کرچکا ہے ۔

کورونا کے باوجودکاروباری سرگرمیاں میں تیزی آرہی ہے ۔عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں ،افراتفری نہیں۔اپوزیشن عناصر انتشار پھیلا کر ترقی کو روکنے کے درپے ہیں ۔موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں -انتشارکی سیاست کرنے والوں کووسیع تر قومی مفاد میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں-پاکستانی عوام عاقبت نا اندیش عناصرکے جھانسے میں نہیں آئیں گے اورپاکستانی عوام کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی-وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔

تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اڑھائی برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں ۔ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کا بے دریغ ضیاع کیا گیا۔ قومی وسائل کے غلط استعمال کی روایت کو ختم کردیا ہے۔ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے۔

ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔مسترد شدہ عناصر جتنا مرضی پراپیگنڈا کرتے رہیں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔تبدیلی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کریں گے۔عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانو ں میں جھانکیں۔مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔

آج ایک طرف شفاف اور ایماندار قیادت ہے اور دوسری طرف عبرت کی تصویر بنے سابق حکمران۔عوام نے کرپشن کو نہیں بلکہ شفافیت کو ووٹ دے کر منتخب کیاہے۔حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی۔22 کروڑ عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہرؤں سے بخوبی آگاہ ہیں۔اپوزیشن کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات