پی ایس ایل 6،لاہور اور کراچی کے میچ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف نامناسب الفاظ کا استعمال

’لاہور قلندرز، کراچی کنگز کے میچ کے دوران خوفناک کہانیاں سنیں، دشمنیاں ، کرائوڈ کی جانب سے نامناسب الفاظ کا استعمال، کھلاڑیوں میں سپورٹس مین شپ کے جذبے، اعصاب پر قابو پانے کا نام و نشان نظر نہ آیا، پی سی بی کا کوئی وجود ہے؟ ،انہیں سخت فیصلے کرتےہوئے مداخلت کرنی چاہئے‘:سپورٹس رپورٹر عمر فاروق کالسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 مارچ 2021 17:35

پی ایس ایل 6،لاہور اور کراچی کے میچ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کی ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2021ء ) اتوار کی شام نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین مقابلے کے دوران ملک کے سب سے بڑے 2 شہروں کے مداحوں کے مابین کشیدگی میں اضافہ دیکھنے کو آیا۔ یہ کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب لاہور نے آخری اوور میں ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا اور پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر کراچی سے آگے بڑھنے میں کامیاب رہا۔

ذرائع کے مطابق سٹیڈیم میں ماحول انتہائی گرم رہا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میدان میں اور میدان سے باہر ایک دوسرے کے ساتھ بدسلوکی کی ۔ سپورٹس رپورٹر عمر فاروق کالسن اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر مختلف واقعات کی تفصیلات سامنے لائے۔انہوں نے لکھا کہ’’ کراچی میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین میچ کے دوران خوفناک کہانیاں سنیں، دشمنیاں ، کرائوڈ کی جانب سے نامناسب الفاظ کا استعمال، کھلاڑیوں میں سپورٹس مین شپ کے جذبے اور اپنے اعصاب پر قابو پانے کا نام و نشان نظر نہیں آیا۔

(جاری ہے)

کیا پی سی بی کا کوئی وجود بھی ہے؟ ،انہیں سخت فیصلے کرتےہوئے مداخلت کرنی چاہئے‘‘۔
اگرچہ سپورٹس میں اس طرح کی رقابتیں پوری دنیا میں بالکل معمول کی بات ہیں پھر چاہے پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہو یا پی ایس ایل میچ لیکن یہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔ اگرچہ پی ایس ایل کے آغاز سے لاہوراور کراچی متعدد مواقع پر ایک دوسرے کیخلاف کھیل چکے ہیں لیکن اس میچ کو ایک اور اضافی حیثیت حاصل تھی۔

جب سے کراچی کنگز کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے اس وقت سے محمد حفیظ اور محمد عامر کے مابین تعلقات ٹھیک نہیں جارہے اور مداحوں کو شدت سے انتظار تھا کہ کب محمد عامر لاہور کے محمد حفیظ کے سامنے بائولنگ کرتے ہیں۔ مزید برآں دونوں ٹیموں کا پچھلے سال فائنل میں مقابلہ ہوا تھا جس میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی شکست دی تھی ۔ پی ایس ایل کے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیمیں لاہور میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں 14 مارچ کو ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی اور دیکھنا یہ ہے کہ اس مقابلے میں شائقین کا ردعمل کیا ہوگا۔