تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں، پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘عثمان بزدار

عددی تناسب سے سینیٹ میں سیٹیں لینا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے‘سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پنجاب میں سینیٹ امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب سیاسی بالغ نظری کا مظہر ہے‘ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

پیر 1 مارچ 2021 18:00

تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں، پنجاب ترقی کی راہ ..
لاہور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سپیکر ہائوس اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب خوش آئند ہے۔

وفاقی حکومت سینیٹ الیکشن میں شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ صوبہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سینیٹ الیکشن میں عددی تناسب کی بنیاد پر امیدواروں کا چناؤ شفافیت کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ ماضی میں ہونے والے سینیٹ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھائے جاتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے عددی تناسب سے سینیٹ میں سیٹیں لینا ان کا جمہوری حق ہے۔

سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے مابین تعاون کے خواہاں ہیں۔ ملک تاریخی معاشی بحران سے نبردآزما تھا جس پر موجودہ حکومت نے قابو پایا ہے اور ملک کے معاشی اشاریے ظاہر کرتے ہیں کہ ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتشار ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہو گا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کا بلا مقابلہ انتخاب سیاسی بالغ نظری کا مظہر ہے۔سینیٹ کے ماضی کے الیکشن پر انگلیاں اٹھنا جمہوری عمل کی کمزوری ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اپوزیشن اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملکی مفاد میں تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ پنجاب میں تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔ صوبہ پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وزیر اعظم کے وژن کے عین مطابق عوامی فلاح اور روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ پنجاب میں صنعتی ترقی کیلئے خصوصی زونز کے قیام پر کام جاری ہے جس سے ملک اور صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آعاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجود بھرپور سیاحتی استعداد کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور سیاحت کا شعبہ ملکی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی اسمبلی کے ا یوان کی کاروائی احسن انداز میں چلانے پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی تعریف کی۔