وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر اظہار

تعزیت،فلم انڈسٹری کیلئے خدمات کو خراج عقیدت اعجاز درانی پاکستانی فلم انڈسٹری کا اثاثہ تھے،فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے مرحوم کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا:عثمان بزدار

پیر 1 مارچ 2021 18:00

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر اظہار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف اداکار اعجاز درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعجاز درانی مرحوم کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز درانی نے شہرہ آفاق فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ میں بے مثال اداکاری کرکے فلم بینوں کے دل جیتے اور ’’رانجھا‘‘ کے کردار میں اعجاز درانی نے حقیقت کا رنگ بھرا۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز درانی پاکستانی فلم انڈسٹری کا اثاثہ تھے۔فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے مرحوم کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔