صنعتکاروں کو کاروباری سہولیات کی فراہمی کیلئے فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس بنائیں‘ چودھری پرویزالٰہی

پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا عمل قابل ستائش ہے، پاکستان میں فٹ ورک انڈسٹری لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں‘ انڈونیشین سفیر

پیر 1 مارچ 2021 23:20

صنعتکاروں کو کاروباری سہولیات کی فراہمی کیلئے فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے انڈونیشیا کے سفیر ایڈم مل ورمین ٹوگیو نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر موجود ملکی سیاسی صورتحال، کورونا سے بچائو کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں احمد فرمان سیجاتی، شریف شہاب الدین اور مسٹر ملودی شامل تھے۔

سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصل آباد میں گارمنٹس سٹی اور فیڈمک کے نام سے انڈسٹریل اسٹیٹس بنائیں جبکہ لاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کی وجہ سے صنعتکاروں کو کاروباری معاملات میں فائدہ ہوا، آپ بھی پنجاب میں انڈسٹری لگائیں ہم تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی انڈونیشیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں ممالک اسلامی بھائی چارے کی لڑی میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطہ مہم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر انڈونیشین حکومت کے شکرگزار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستانہ تعلقات قائم رہے ہیں جو دن بدن مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں حالت قدرے بہتر ہیں۔ انڈونیشین سفیر نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے دور میں پنجاب کی سطح پر بڑا کام ہوا تھا، اسی لیے پاکستان میں فٹ ورک فیکٹری لگانے کیلئے جائزہ لیا جا رہا ہے آپ نے جو صنعتکار طبقہ کیلئے سہولتوں کا اہتمام کیا تھا وہ قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انڈونیشیا کے ساتھ محبت بھرے جذبات کا اظہار کیا ہے، پاکستانی عوام بھی ہمارے ملک سے محبت رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت دیگر امور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں سینیٹ کے امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کرانے پر چودھری پرویزالٰہی کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔ بعد ازاں سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈیں بھی پیش کیں۔