این اے 45 کرم ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست پر سماعت10 مارچ تک ملتوی

منگل 2 مارچ 2021 13:26

این اے 45 کرم ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست پر سماعت10 ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) الیکشن کمیشن میں این اے 45 کرم ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست پر سماعت10 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔ پیر کو درخواست گزار جے یو آئی ف کے امیدوار جمیل خان کے وکیل پیش ہوئے ۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی،کرم میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے بھی فراڈ کرنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

وکیل درخواست گزارکے مطابق ریٹرننگ افسر نے بھی دھاندلی کے خدشے کا اظہار کیا،حلقے میں پوسٹل بیلٹ کیلئے 6سو درخواستیں آئیں۔ وکیل درخوراست گزار کے مطابق کے پی کے حکومت نے حلقے میں دو کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری کئے۔ ممبر پنجاب نے کہاکہ کن تاریخوں میں فنڈز خرچ کئے گئے۔ وکیل درخوراست گزار نے کہاکہ تاریخوں کے بارے میں بعد میں آگاہ کر دوں گا۔ ممبر پنجاب نے کہاکہ آپ درخواست لائے ہیں تو تیار ہو کر آئیں،آپ کو یہ بھی معلوم نہیں کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کتنے ووٹ کاسٹ ہوئے۔ این اے 45 کیس کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔