میگھن اور ہیری کے انٹرویو نے شاہی خاندان کو مافیا قرار دے دیا

انٹرویو سے متعلق شاہی خاندان سمیت برطانوی میڈیا اور عوام کافی اضطراب میں مبتلا نظر آ رہے ہیں،رپورٹ

منگل 2 مارچ 2021 16:15

میگھن اور ہیری کے انٹرویو نے شاہی خاندان کو مافیا قرار دے دیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2021ء) برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد امریکا منتقل ہونے والا سابق شاہی جوڑا، دی ڈچز آ ف سسیکس پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے معروف میزبان اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو پر سخت تنقید جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پرنس ہیری اور میگھن مارکل کے رواں ماہ نشر کیے جانے والے انٹرویو سے متعلق شاہی خاندان سمیت برطانوی میڈیا اور عوام کافی اضطراب میں مبتلا نظر آ رہے ہیں۔

اوپرا انٹرویو کا ایک مختصر سا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جسے دیکھنے کے بعد متعدد حلقوں کی جانب سے اس انٹرویو کو ایک تباہی قرار دیا گیا ہے،پرنس ہیری اور میگھن کے انٹرویو کے ٹیزر سے متعلق دیگر حلقوں کا کہناتھا کہ ہیری اور میگھن کے اس تفصیلی انٹرویو میں اس جوڑے کی جانب سے اپنی علیحدگی کی وجہ بتاتے ہوئے شاہی خاندان کو عوام کے سامنے بطور ایک مافیا پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

رواں ماہ مارچ کی 7 تاریخ کو پرائم ٹائم پرنشر کیے جانے والے انٹرویو کے ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان اوپرا میگھن سے پوچھ رہی ہیں کہ آپ خاموش تھیں یا آپ کو خاموش کروایا گیا تھا، انٹرویو کے دوران میگھن کو اس سوال پر خاموش دکھایا گیا ہے اور اس دوران ٹیزر میں ایک افسردہ دھن بھی چلائی گئی ہے۔اس ٹیزر پر تبصرہ نگار رابرٹ جابسن کی جانب سے رد عمل دیتے ہوئے اس انٹرویو کی ریکارڈنگ کو ڈرامہ اور اس میں استعمال کی گئی افسردہ دھنوں پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ رابرٹ جابسن کا کہنا تھا کہ اوپرا انٹرویو میں شاہی خاندان کو مافیا کی طرح پیش کیا گیا ہے، یہ تقریبا بیوقوفی ہے۔

متعلقہ عنوان :