پی ایس ایل 6، کورونا کا شکار ہونے والوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد ، لوئس گریگری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان بھی کورونا کا شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مارچ 2021 17:01

پی ایس ایل 6، کورونا کا شکار ہونے والوں کی تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مارچ 2021ء ) پی ایس ایل 6 پر کورونا وائرس کے وار، مزید 3 ارکان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا انصاربرنی نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ دوبارہ کئے جا رہے ہیں، 3 افراد کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی، معاملے کو کسی کی کوتاہی کہنا مناسب نہیں، کل سے 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ پازیٹو آنے والے چاروں ارکان کو بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں، ان کا اپنی فیملیز اور بورڈز سے رابطہ ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلیوی لیگ سپنر فواد احمد اور برطانوی آل رائونڈر لوئس گریگری کورونا کا شکار ہوگئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے انگلش بلے باز ٹام بینٹن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، تینوں کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کامران خان کو 10 دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے ارکان قرنطینہ مکمل کرکے دو منفی نتائج کے بعد ٹیموں کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے گذشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ میچ ملتوی کر کے آج ری شیڈول کیا ہے۔