Live Updates

سینیٹ انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری، یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ کے درمیان سخت مقابلہ

قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل شام 5بجے تک جاری رہے گا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 3 مارچ 2021 10:34

سینیٹ انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری، یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 مارچ2021ء) قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔

صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی ووٹ ڈال رہے ہیں اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ جبکہ پنجاب کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد خاتون کی نشست پر ن لیگ کی فرزانہ کوثر اور تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد آمنے سامنے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس 181نمبرز ہیں، امید ہے تعداد مزید بڑھ جائے گی، اس لیے ہمارے دونوں امیدوارحفیظ شیخ اور فوزیہ الیکشن جیت جائیں گے، الیکشن کو شفاف بنانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، سندھ کے واقعات کا نوٹس لیا جائے۔

 گذشتہ روز انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے رائے دی کہ آرٹیکل 226 میں ترمیم کے بغیر اوپن بیلٹ نہیں ہوسکتا، الیکشن کو شفاف بنانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ میں ہونے والے واقعے کا نوٹس لے گا۔ عمران خان 2013 سے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کررہے ہیں۔ ہم جو قانون لے کر آئے یہ وہی ہے جو ن لیگ 2015 میں لے کر آئی تھی۔

جب ن لیگ یہ قانون لیکر آئی تھی تو عمران خان نے کہا تھا یہ قانون ٹھیک ہے ہونا چاہیے۔ ٹیکنالوجی سے متعلق الیکشن کمیشن کو اپنی پوری معاونت پیش کی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا خفیہ رائے دہی حتمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 181 میں 176 لوگوں نے ظہرانے میں شرکت کی، اسد قیصر ایک دو لوگ دیر سے آئے۔ ہمارے پاس 181 نمبرز ہیں، امید ہے کل تعداد مزید بڑھ جائے گی، اس لیے ہمارے دونوں امیدوارحفیظ شیخ اور فوزیہ الیکشن جیت جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کی امیدوار کا تو کسی کو پتا بھی نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت سیاسی نابالغ ہے، وہ سمجھتے ہیں مولانا فضل الرحمان کے مدارس کے بچوں کے بل پر تبدیلی لے آئیں گے۔ 48 گھنٹے پہلے لگ رہا تھا یوسف رضا گیلانی کے آنے سے نشست جیت جائیں گے۔ اب پھر لانگ مارچ کے بیانات دے رہے ہیں۔ مریم نواز جلسوں اور بلاول پارلیمانی میدان میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ ان سیاسی نابالغوں کے حوالے سیاست نہیں کی جاسکتی۔ مولانا فضل الرحمان کا تبدیلی لانے کا کوئی قد کاٹھ نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات