کرونا کے باعث امسال دبئی میں رمضان میں افطار وسحر خیمے نہیں لگیں گے

مقصد بڑے اجتماعات کو روکنا ہے جہاں لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں،دبئی حکام

بدھ 3 مارچ 2021 12:53

کرونا کے باعث امسال دبئی میں رمضان میں افطار وسحر خیمے نہیں لگیں گے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) دبئی میں کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے جاری حفاظتی اقدامات کے باعث رمضان خیموں کے تمام اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں سے متعلق محکمے کے بیان میں کہا گیا کہ رمضان خیموں کے اجازت ناموں کی منسوخی کا مطلب یہ ہے کہ مساجد ، گھروں یا کسی بھی عوامی مقامات کے باہر خیمے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد بڑے اجتماعات کو روکنا ہے جہاں لوگ کرونا کی وبا کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں رمضان میں عام طور پر افطار کے وقت کھانا پیش کرنے اور لوگوں کی بڑی تعداد کو راغب کرنے کے لیے خیمے لگائے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ دبئی میں ایسی ہی پابندی پچھلے سال رمضان میں بھی لگائی گئی تھی۔اس سال رمضان کا آغاز تیرہ اپریل کو متوقع ہے۔واضح ر ہے کہ متحدہ عرب امارت میں حکام کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے قومی مہم چلائے ہوئے ہیں۔