پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف

عثمان خان کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 مارچ 2021 20:43

پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2021 کے 14 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل) کے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ عثمان خان اور صائم ایوب نے اچھا آغاز کیا اور ٹیم کے لیے چھٹے اوور میں نصف سنچری مکمل کی جو رواں سیزن میں گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ میں بڑی شراکت ہے۔

ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 69 کے سکور پر پہلی کامیابی حاصل کی اور صائم ایوب کو آؤٹ کردیا۔ صائم ایوب 23 رنز بنا سکے ۔ نوجوان اوپنر عثمان خان اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے50 گیندوں کا سامنا کرکے10 چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ بھی عمران طاہر نے حاصل کی ۔ عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد15 ویں اوور کی پہلی گیند پر فاف ڈوپلیسی کو سہیل خان نے آؤٹ کیا۔

رواں پی ایس ایل میں پہلا میچ کھیلنے والے عمران خان نے گلیڈی ایٹرز کے ان فارم کپتان سرفراز احمد کو بولڈ کردیا۔ سرفراز احمد نے صرف 3 رنز بنائے تھے۔شاہنواز دھانی نے 18 ویں اوور میں2 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پہلے اعظم خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، جنہوں نے 17 رنز بنائے تھے اور پھر اوور کی آخری گیند پر کپتان رضوان نےریویو لیا اور تھرڈ امپائر نے ان کے حق میں فیصلہ دیا اوریوں بین کٹنگ بھی آؤٹ ہوئے۔

شاہنواز دھانی کے آخری اوور میں محمد نواز چوکے ضرور لگائے لیکن آخری گیند پر آؤٹ بھی ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 176 رنز بنالیے۔ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد رضوان اور سرفراز احمد دونوں کپتانوں کی انفرادی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے۔ میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈوپلیسی، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل اسٹین، عثمان خان، قیس احمد اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، جیمز وینس، شان مسعود، رلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھویٹ، سہیل خان، عمران طاہر، عمران خان اور شاہنواز دھانی شامل ہیں ۔